تہوار کے موسم میں گلف - منگلورو ہوائی کرایہ آسمان چھو گیا - دبئی سے منگلورو ایک طرفہ کرایہ ہوگیا 70 ہزار روپے !
منگلورو ، 26 / مارچ (ایس او نیوز) موسم گرما کی چھٹیاں ، ایسٹر، یوگادی اور عید کے تہواروں کا موسم قریب آتے ہی دبئی سے منگلورو تک کا ہوائی کرایہ آسمان کو چھونے لگا ہے جس کی وجہ سے جو ایک طرفہ کرایہ زیادہ سے زیادہ 30 ہزارو روپے تک چل رہا تھا اب بڑھ کر 70 ہزار روپوں کے نشان تک پہنچ گیا ہے ۔
میڈیا میں شائع ایک خبر کے مطابق اپریل کے پہلے ہفتے میں دمام سے منگلورو کے لئے ایک طرفہ کرایہ 51 ہزار روپے ، ابو ظہبی سے 45 ہزار روپے، دوحہ قطر سے 53 ہزار روپے اور دبئی سے 70 روپے ہوگیا ہے ۔
منگلورو سے جانے والی پروازوں کے لئے کرایہ میں بھی معمولی اضافہ ہو گیا ہے ۔ دبئی کے لئے اس سیزن میں کرایہ 47 ہزار روپے، دوحہ قطر کے لئے 36 ہزار روپے، دمام کے لئے 33 ہزار روپے اور جدہ کے لئے 58 ہزار روپے کرایہ ہوگیا ہے ۔ جبکہ اس کے مقابلے میں کنور اور بینگلورو سے نکلنے والی پروازوں پر یہ کرایہ تقریباً نصف بنتا ہے ۔ دبئی سے کنور کے لئے جو پروازیں ہیں اس میں کرایہ تا حال 30 ہزار روپے ہی ہے ۔