عمان میں سیلاب سے تباہی، 13 افراد جاں بحق، لاپتہ لوگوں کی تلاش جاری
مسقط، 15/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) مشرق وسطیٰ کے شہر عمان میں اس وقت سیلاب نے زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔ اتوار سے ہی عمان میں سیلاب کا قہر دیکھنے کو مل رہا ہے اور پیر کے روز بھی موسلادھار بارش کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اب تک اس سیلاب نے 13 لوگوں کی جان لے لی ہے اور کئی دیگر لاپتہ ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔ 12 ہلاکتوں کی خبر تو اتوار کے روز ہی سامنے آ چکی تھی، اور آج یو اے ای واقع خلیج ٹائمز نے خبر دی ہے کہ عمان میں شہری سیکورٹی و ایمبولنس اتھارٹی نے ایک شخص کی لاش برآمد کی ہے جو شمالی الشرکیہ گورنریٹ سے لاپتہ ہو گیا تھا۔
اس سے قبل اتوار کے روز اچانک آئے سیلاب کے سبب کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 12 ہلاک لوگوں میں سے 9 طالب علم، دو مقامی باشندے اور ایک مہاجر شامل ہیں۔ موسلادھار بارش کے سبب عمان کے کئی حصوں میں زبردست سیلاب آ گیا ہے جس نے لوگوں کو گھروں میں اور اونچے مقامات پر رہنے کو مجبور کر دیا ہے۔
رائل عمان پولیس، عمان کی رائل آرمی، شہری سیکورٹی اتھارٹی و ایمبولنس کی ٹیموں نے پھنسے ہوئے طلبا کو اسکولوں سے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی کچھ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمان کی سڑکوں پر سیلاب کا پانی تیزی کے ساتھ بہہ رہا ہے۔ کچھ ویڈیوز میں کاروں کو بہتے ہوئے بھی دیکھا جا رہا ہے۔
اس درمیان ایمرجنسی مینجمنٹ کے لیے عمان کی قومی کمیٹی نے بارش سے متاثر ہونے کے اندیشہ والے سبھی گورنرس کو الرٹ کر دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمان کے علاوہ یو اے ای میں بھی غیر مستحکم موسم کی حالت دیکھی جا سکتی ہے، جس میں کچھ علاقوں میں ژالہ باری، بجلی اور گڑگڑاہٹ کا امکان بھی شامل ہے۔