متحدہ عرب امارات میں شدید بارش؛ نظام زندگی مفلوج، عمان میں 18 افراد جاں بحق

Source: S.O. News Service | Published on 17th April 2024, 11:33 AM | خلیجی خبریں |

ابوظہبی17/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) مشرق وسطیٰ کے مالیاتی مرکز دبئی میں منگل کو ہوئی شدید طوفانی بارشوں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔

دبئی کے معروف انگریزی اخبار خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیر کے آخر سے منگل کی رات تک 75 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گزشتہ روز فلیگ شپ شاپنگ سینٹرز دبئی مال اور مال آف ایمریٹس دونوں کو بارشوں کے باعث سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور دبئی کے ایک میٹرو اسٹیشن پر بھی پانی ٹخنوں تک جمع ہوگیا  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اس کے گردونواح میں منگل کو ایسی طوفانی بارش ہوئی کہ متحدہ عرب امارات کے کئی علاقے تالاب میں تبدیل ہوگئے۔ سیلاب کے باعث کئی شہر جام ہو گئے۔ وہیں، پڑوسی ملک عمان میں شدید بارشوں سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ جس کے باعث 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

منگل کو دبئی میں جب طوفانی بارشیں ہوئیں تو دن میں اندھیرا چھا گیا، جس کے بعد دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 25 منٹوں کے لیے بند کرنا پڑا۔

سوشیل میڈیا پر وائرل وڈیو میں دیکھا گیا کہ دنیا کے مصروف ترین ائیرپورٹوں میں شمار دبئی بین الاقوامی ایئر پورٹ دریا کا منظر پیش کررہا ہے۔ جس کی وجہ سے پچاس سے زائد پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ میٹرو اسٹیشن میں بھی پانی بھرنے کے مناظر وائرل وڈیو میں دیکھے گئے جس سے ٹرین کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ بعض ایسی وڈیوز بھی وائرل ہوئیں جس میں دیکھا گیا کہ شاپنگ مال کے اندر بھی چھتوں سے پانی گررہا ہے۔

شدید بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرو اسٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا دوسرا اسپیل منگل کی دوپہر سے شروع ہوا تھا جس کا سلسلہ جمعرات تک رہے گا۔

 ’گلف نیوز‘ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دبئی کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جس کے باعث سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو گئیں ہیں۔

یو اے ای حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضروری کام کی صورت میں ہی گھروں سے نکلیں۔ حکام نے عوام سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ نشیبی علاقوں یا ان علاقوں سے دور رہیں جہاں زیادہ پانی جمع ہورہا ہو۔ حکام نے ان علاقوں کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل پارک کریں۔ حکومتی اعلان کے مطابق اسکولوں کو فوری طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کے لیے گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

بارش کے باعث متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں ہیں جبکہ شدید ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینز بھی ٹوٹ گئیں۔ علاوہ ازیں کچھ علاقوں میں بجلی کی بندش کی شکایتیں بھی سامنے آئیں۔

دبئی ایئرپورٹس کے ترجمان نے بتایا کہ شدید طوفان کی وجہ سے، آپریشنز کو سہ پہر 25 منٹ کے لیے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا لیکن اس کے بعد سے آپریشنز دوبارہ بحال کردیے گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم کی رپورٹ کے مطابق فلائی دبئی نے منگل کو کہا کہ انہوں نے خراب موسم کی وجہ سے بدھ کی صبح تک دبئی سے روانہ ہونے والی اپنی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

فلائی دبئی کے ترجمان کے مطابق 16 اپریل کو دبئی سے روانگی کے لیے شیڈول فلائی دبئی کی تمام پروازوں کو 17 اپریل 10 بجے (دبئی کے مقامی وقت) تک فوری طور پر منسوخ کردیا گیاہے۔

یاد رہے کہ ایشین چیمپئنز لیگ فٹبال کا سیمی فائنل متحدہ عرب امارات کے العین اور سعودی ٹیم الہلال کے درمیان العین میں ہونے والا تھا جسے موسم کی خرابی کی وجہ سے 24 گھنٹوں کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے کچھ اندرونی علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 80 ملی میٹر (3.2 انچ) سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو تقریباً 100 ملی میٹر کی سالانہ اوسط کے قریب ہے۔

ادھر سلطنت آف عمان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں شمال اور مشرق میں کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ موسمی صورتحال کے باعث پانچ صوبوں میں دفاتر میں کام معطل کر دیا گیا ہے، حکام نے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدای دی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق مختلف حادثات میں 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں سیلابی ریلے میں گاڑیاں بہہ جانے سے زیادہ تر اموات ہوئیں ہیں، جن میں اسکول کے نو بچے بھی شامل ہیں۔ عمان میں بھی مزید بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بحرین میں بھی رات بھر گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے بحرین بھی سیلاب کی زد میں آگیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

عمر فاروق مصباح اور عتیق الرحمن منیری بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے پھر ایک بار صدر اور سکریٹری جنرل منتخب

  عمر فاروق مصباح اور عتیق الرحمن منیری پھر ایک بار بالترتیب بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر اور سکریٹری جنرل کے عہدہ پر منتخب ہوگئے ان کے ساتھ  سکریٹری کے  طور پر  یاسر قاسمجی کا انتخاب عمل میں آیا، جبکہ  طٰحہ معلم اور مولوی صابر علی اکبرا بالترتیب اکاونٹنٹ اور خزانچی منتخب ...

عمان کے قریب سمندر میں بحری جہاز ڈوب گیا، جہاز میں سوار 13 ہندوستانیوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں

عمان سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق یمن کی طرف جانے والا آئل ٹینکر جہاز سمندر میں ڈوب گیا ہے۔ عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر کے مطابق اس آئل ٹینکر کا نام پریسٹیج فالکن بتایا جاتا ہے جس پر سوار عملے کے 16 ارکان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اس تیل کے جہاز پر سوار عملے ...

حج کے دوران شدید گرمی کے باعث مکہ و حرم میں 550 سے زائد عازمین جاں بحق۔ عازمین لگارہے ہیں حج کمیٹی پر بدانتظامی کا الزام

عرب سفیروں کے حوالے سے میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق امسال موسم حج کے دوران انتہا درجے کی گرمی کی وجہ سے 550 سے زائد زائرین حرم جاں بحق ہوگئے ۔      سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے دن حرم مکہ میں پارہ 51.8 ڈگری سیلسیس  (125 ڈگری فارن ہائٹ) تک پہنچ گیا تھا ۔

عرفات کے اہم ترین مقام’مسجد نمِرہ‘ کا تاریخی پس منظر

مسجد نمِرہ کا شمار عرفات کے میدان میں ایک اہم ترین مقام کے طور ہوتا ہے، یہاں ہر سال لاکھوں عازمین حج وقوف عرفہ کے روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے ظہر اور عصر کی نمازیں ایک وقت میں قصر کرکے پڑھتے ہیں۔

20 لاکھ خوش نصیب،سعادت حج سے مشرف

  دنیا بھر سے آئے مسلمانوں نے ہفتہ کے دن یہاں تپتی دھوپ میں وقوفِ عرفہ کیا۔ جبل ِعرفات کو جبل ِ رحمت بھی کہا جاتا ہے۔ وقوف ِ عرفہ‘ حج کا رُکن ِ اعظم ہوتا ہے جس کے ساتھ ہی حج کی تکمیل ہوجاتی ہے۔ یہ عازمین کے لئے نہایت یادگار ہوتا ہے۔ وہ اللہ سے گڑگڑاکر رحم کی‘ خوشحالی اور اچھی صحت ...