اتر کنڑا میں گرمی کی شدت میں اضافہ - لُو کی لہریں چلنے کا امکان
کاروار، 25/ اپریل (ایس او نیوز) پورے ساحلی علاقے میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے اتر کنڑا ضلع میں بھی پچھلے دو چار دنوں سے حد سے زیادہ گرمی نے لوگوں کا حال بے حال کر دیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین چار دنوں تک یعنی 29 اپریل تک درجہ حرارت میں مزید 2 تا 3 ڈگری کا اضافہ ہوگا اور اس دوران لُو کی لہریں چلنے کے امکانات رہیں گے ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس وقت جو گرمی کی جو شدت ہے وہ گزشتہ چار برسوں میں سب سے زیادہ ہے ۔ عام طور پر اپریل سے مئی کے پہلے ہفتے تک ضلع میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری ہوتا تھا ۔ مگر امسال اپریل کے پہلے ہفتے میں ہی درجہ حرارت 35 ڈگری کو چھو گیا تھا جو کہ اب آگے بڑھتے ہوئے 38 ڈگری تک پہنچ گیا ہے ۔ اور سمجھا جا رہا ہے کہ اگلے تین چار دنوں میں 2 تا 3 ڈگری مزید اضافہ ہوگا اور اس کی وجہ سے لو لگنے (سن اسٹروک) کے واقعات پیش آ سکتے ہیں ۔ اس پس منظر میں ضلع انتظامیہ نے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔