قطر میں بھٹکل مسلم جماعت کی جانب سے ممبران یا ممبران کے رشتہ داروں کے لئے فلیٹ کی سہولت؛ وزٹ ویزا پرکام کی تلاش کرنے والوں کے لئے سنہرا موقع
قطر4/ دسمبر (ایس او نیوز) قطر میں بھٹکل مسلم جماعت کے بیچلر ممبران یا اُن کے رشتہ داروں بالخصوص ملازمت کی تلاش کے لئے وزٹ ویزا پر قطر تشریف لانے والوں کی رہائش کے لئے جماعت نے اب ایک فلیٹ کا انتظام کیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی کام کی تلاش کے لئے پہنچے بھٹکل کے نوجوانوں کو بالکل ہی مناسب کرایہ پر رہنے کا انتظام کیا جائے گا۔
پریس ریلیز جاری کرتے ہوئےجماعت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مورخہ 29/ نومبر بروز جمعہ بعد نماز عصر فلیٹ کا افتتاح عمل میں آیا مولانا عبدالعظیم رکن الدین کی تلاوتِ کلام پاک اور انہیں کی افتتاحی کلمات سے پروگرام کا آغاز ہوا۔
اس موقع پر فلیٹ کمیٹی کے کنوینررزین رکن الدین نے فلیٹ کے قوانین و ضوابط لوگوں کے سامنے پیش کئے انہوں نے بتایا کہ کئی سالوں سے قطر جماعت کی خواہش اور کوشش رہی ہے کہ جماعت کا ایک مستقل فلیٹ ہو جسمیں جماعت کی سرگرمیاں عمل میں آئے اور قطر میں مقیم بھٹکل کے بیچلر Bachelorافراد کیلئے ایک اطمینان بخش رہائش گاہ ہو اور ملازمت کی تلاش میں ویزٹ پر آنے والے بھٹکلی بھائیوں کے رہنے کیلئے خاطر خواہ انتظام ہو انہیں مقاصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے سال نو کی انتظامیہ کی فلیٹ کمیٹی نے اپنی انتھک کوششوں سے اس کام کو بحسن خوبی انجام دیا ہے۔ صدر جماعت زبیر خلیفہ نے فلیٹ کی ترتیب و تزئین میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا فیصل احمد ارمار کی دعا پر مغر ب سے پہلے پروگرام عصرانہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔