دبئی کے قریب عجمان گراونڈ میں جمعہ سے شروع ہورہا ہے نوائط پریمئر لیگ کا شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ
دبئی 2؍جنوری (ایس اونیوز) بھٹکل کمیونٹی کا T20کرکٹ مقابلہ ’ایز ٹیکس نوائط پریمیئر لیگ‘ (این پی ایل) نام سے 4جنوری جمعہ کے دن 4بجے عجمان میں شروع ہوگا۔ اس بات کی اطلاع این پی ایل کی جانب سے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے دی گئی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق پانچ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ابو ظہبی رائڈرس اور کریمی چیلنجرز کے درمیان 2بجے شروع ہوگا۔جبکہ افتتاحی تقریب اسی دن شام پانچ بجے منعقد ہوگی۔ یہ ٹورنامنٹ ’راؤنڈ رابن‘ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ کریں گی اور دو بہترین ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔بھٹکل اور اطراف بھٹکل کے چند نامور کرکٹ کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں شریک ہونگے اور اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ کے شائقین کے لئے دلچسپی کا سبب بنیں گے۔
پریس ریلیز میں ٹورنامنٹ کے کنوینر شفاعت شاہبندری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’’ ایزٹیکس این پی ایل ہماری برادری کے کرکٹ شائقین کے لئے کھیل سے لطف اٹھانے کا ایک نیا پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے، جہاں پوری منصفانہ طرز پر کھیل کا مظاہرہ ہوگا۔ ہمیں خوشی ہے کہ اس ٹورنامنٹ سے ہماری برادری کے کھلاڑیوں کوکھیلنے اور شائقین کو ایک دلچسپ کھیل دیکھنے کے علاوہ ایک ساتھ وقت گزاری کا ایک اورموقع ملے گا۔ہمیں امید ہے کہ بہت ہی کثیر تعداد میں شائقین ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونے میدان میں شرکت فرمائیں گے۔‘‘
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ یہ ٹی 20مقابلہ ہماری کمیونٹی کی نامور شخصیات کی حمایت کے ساتھ منعقدکیا جارہا ہے جس میں ایز ٹیکس نے آگے بڑھ کر ٹائٹل اسپانسر کی ذمہ داری اپنے سر لی ہے۔ ریلیز کے مطابق
عجمان کے ایڈن گارڈن میں عالمی سطح کی سہولت کے ساتھ این پی ایل کے کچھ مقابلے روشنی (لائٹ) میں بھی کھیلے جائیں گے۔