منگلورو میں وزیر داخلہ پرمیشور نے کہا : سائبر کرائم روکنے کے لئے قانون مزید سخت کیا جائے گا
منگلورو 30 / اکتوبر (ایس او نیوز) شہر میں آرمڈ ریزرو پولیس کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا کہ سائبر جرائم پر قابو پانے کے لئے آئی ٹی قوانین کو مزید سخت کیا جائے گا جس کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور وہ کمیٹی اس ضمن میں اپنا کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کرنے والے ریاستوں اور ملکوں کی سرحدوں سے باہر رہ کر جرم انجام دیتے ہیں ۔ ملک میں سب سے پہلا سائبر کرائم پولیس اسٹیشن ہماری ریاست میں ہی قائم کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد تمام اضلاع میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کیے گئے ۔ ان پولیس اسٹیشنوں میں سائبر جرائم کے زیادہ سے زیادہ معاملے درج کیے جا رہے ہیں ۔ اب آئی ٹی اور ہوم ڈپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ایک سخت اور مضبوط آئی ٹی قانون وضع کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے ۔
ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ غیر اخلاقی پولیس گری کے معاملات کو بڑے حساس انداز میں حل کرنا ضروری ہے ۔ اس پر قابو پانے کے لئے علاحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس کی وجہ سے اب ایسے جرائم کی رفتار کچھ کم ہوگئی ہے ۔ اس وقت غیر اخلاقی پولیس گری کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کا لحاظ کیے بغیر کارروائی کی جا رہی ہے ۔