بنٹوال : نیتراوتی ندی میں ڈوبنے سے دو لڑکیاں ہوئیں جاں بحق
بنٹوال ، 6 / مئی (ایس او نیوز) ناور گرام نیرکٹے نامی مقام پر نیتراوتی ندی میں ڈوبنے کی وجہ سے دو لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں جن کی شناخت آشرا بنت انصار (11 سال) اور مریم ناشیہ بنت الیاس (14 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ الال میں قیام پزیر الیاس اپنے رشتے داروں سے ملاقات کے لئے ناور گرام میں آیا تھا ۔ شام کے وقت سب گھر والے نیتراوتی ندی کے کنارے گئے تھے ۔ اپنے گھر والوں کے سامنے ہی بچے ندی کے پانی میں کھیل رہے تھے ۔
اس دوران حادثاتی طور پر بچے پھسل کر گہرے پانی میں چلے گئے اور غرق ہونے لگے مگر گھر والوں میں سے کوئی بھی تیرنا نہیں جانتا تھا جس کی وجہ سے بے بسی کے ساتھ اپنے بچوں کو نظروں کے سامنے ہی ڈوبتے ہوئے دیکھنے کے سوا کچھ نہ کر سکے ۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر بنٹوال دیہی پولیس کی ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور معاملہ درج کر لیا ۔