ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں آج پیر کو ماک ڈرل: ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے فرضی مشقیں

کاروار میں آج پیر کو ماک ڈرل: ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے فرضی مشقیں

Mon, 12 May 2025 08:50:56    S O News
کاروار میں آج پیر کو ماک ڈرل:  ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے فرضی مشقیں

کاروار 12 مئی (ایس او نیوز)ہند-پاک کشیدگی اور پھر جنگ بندی کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت جنگ جیسے ہنگامی حالات میں بچاؤ کے اقدامات سے متعلق عوام میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے وزارت داخلہ کی ہدایت پر ’آپریشن ابھیاس‘ کے تحت شہری دفاع کی فرضی مشقیں آج پیر کو کاروار کے مختلف علاقوں میں انجام دی جائیں گی۔ یہ صرف مشقیں ہیں، اس لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی قسم کی گھبراہٹ یا خوف کا شکار نہ ہوں۔

یہ مشق سہ پہر 4 بجے بینگا میں گراسم انڈسٹریز میں ایک عمارت کے منہدم ہونے کی فرضی صورتحال کے ساتھ شروع ہوگی، جہاں ملبے میں پھنسے افراد کو بچانے کے لیے امدادی کارروائی کی جائے گی۔ کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں بھی اسی وقت ایک داخلی مشق ہوگی ، جس میں آگ لگنے کی صورت میں ہنگامی ردعمل کے اقدامات کا جائزہ لیا جائیگا۔

شام 5 بجے امدلی میں نیول بیس کے قریب ایک شہری کالونی میں آگ لگنے کے واقعے کی فرضی مشق ہوگی، جس میں انخلا اور آگ پر قابو پانے کے طریقہ کار پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے بعد شام 6 بجے کاروار کے رویندر ناتھ ٹیگور بیچ پر عوامی امدادی کارروائی اور ہاٹیکری گاؤں میں ڈیم کے قریب رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی فرضی مشق انجام دی جائے گی۔

شام 7:30 سے 8:00 بجے کے درمیان کاروار شہر اور کائیگا ٹاؤن شپ میں بلیک آؤٹ مشق ہوگی۔ اس دوران شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام لائٹس بند کریں، کھڑکیاں اور دروازے بند کریں اور روشنی کے تمام ذرائع بند کر دیں۔ گاڑی چلانے والوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی نقل و حرکت روک دیں، ہیڈ لائٹس بند کریں اور محفوظ جگہ پر پہنچ جائیں۔یہ مشق فضائی حملے کی صورت میں اختیار کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کی تیاری کے لئے کی جائے گی۔

ان مشقوں میں ایک ہزار سے زائد اہلکار  حصہ لیں گے، جن میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپاونس فورس (NDRF)، پولیس، فائر بریگیڈ، گراسم کی ایمرجنسی ٹیم، ریونیو ڈیپارٹمنٹ، NCC اور مقامی ادارے جیسے روٹری کلب، واچ گروپس، اور اسپورٹس کلب شامل ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مشقوں کے دوران تعاون کریں اور پرسکون رہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ ’آپریشن ابھیاس‘ کا مقصد ہنگامی حالات میں مؤثر اور مربوط انداز میں ردعمل دینے کے طریقوں سے عوام کو واقف کرانا ہے۔

 


Share: