ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تعلقہ اسپتال میں ضلع انچارج وزیر نے کیا نئے تعمیر شدہ 'ایمرجنسی روم' کا افتتاح

بھٹکل تعلقہ اسپتال میں ضلع انچارج وزیر نے کیا نئے تعمیر شدہ 'ایمرجنسی روم' کا افتتاح

Sun, 08 Mar 2026 16:28:25    S O News
بھٹکل تعلقہ اسپتال میں ضلع انچارج وزیر نے کیا نئے تعمیر شدہ 'ایمرجنسی  روم' کا افتتاح

بھٹکل،  8 / مارچ (ایس او نیوز) امریکہ میں مقیم بھٹکل سے تعلق رکھنے والے تاجر وامن رامناتھ شانبھاگ کی طرف سے اپنی آنجہانی اہلیہ گیتا شانبھاگ کی یاد میں تعمیر کیے گئے ایمرجنسی علاج کے روم کا افتتاح ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔

اس موقع پر تعلقہ اسپتال کے ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا : لوگوں کی سوچ یہ ہے کہ اسپتالوں کی تعمیر، ڈاکٹروں کی خدمات، اسکولوں، سڑکوں اور پُلوں وغیرہ کی تعمیر صرف حکومت کی طرف سے ہی ہونی چاہیے ۔ ہماری جائداد اور دولت کا فائدہ ہماری اولاد کو ہی ملنا چاہیے ۔ لیکن اس مال کا کوئی فائدہ ہی نہیں ہے جو دوسروں کے کام نہیں آتا ۔ ایسے لوگ زندہ رہ کر بھی مردوں جیسے ہوتے ہیں ۔

اصل میں ہمیں چاہیے کہ اپنا مال ضرورت کے مطابق اپنے پاس رکھتے ہوئے بقیہ مال کو سماج کی بہتری کے لئے خرچ کریں ۔ اس قسم کے لوگ دنیا میں زندہ نہیں بھی رہے تب بھی اپنی خدمات اور تعاون کے زاویے سے وہ دوسروں کے دلوں میں  زندہ رہتے ہیں ۔

خطیر رقم عطیہ دے کر تعلقہ اسپتال میں ایمرجنسی روم تعمیر کروانے والے وامن شانبھاگ کی ستائش کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے  کہا کہ اپنے آبائی شہر سے دور جا کر بسنے کے بعد بھی انہوں نے یہاں کے لوگوں کے لئے خدمات فراہم کرنے اور خیراتی کاموں میں شامل رہنے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ اسپتال کو 100 بستروں سے بڑھا کر 250 بستروں والے اسپتال کے طور پر ترقی دینے کے لئے کوشش جاری ہے ۔ مالداروں کی طرف سے اسی طرح خیراتی کام کریں تو اس سے دوسروں کو بھی خیراتی کاموں کی ترغیب ملے گی ۔

وزیر موصوف نے بھٹکل تعلقہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کے تعلق سے کہا کہ دس سال سے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کا تبادلہ ہو جانے سے یہاں کچھ دشواریاں پیدا ہوئی ہیں ۔ یہ سرکاری قانون کے تحت ہونے والا عمل ہے ۔ ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لئے ہم برابر کوشش کر رہے ہیں ۔ جن ڈاکٹروں کا تبادلہ ہوا تھا وہ  دوبارہ اسی اسپتال میں آنے والے ہیں ۔

Bhatkal Taluka Hospital’s New Emergency Room
اس موقع پر ماہر ڈاکٹر سویتا کامت نے اظہار خیال کرتے ہوئے  کہا کہ " 1955 کے زمانے میں ایک مولانا کے ذریعے قائم کیا ہوا یہ کاٹیج ہاسپٹل ہے ۔ گزرتے زمانے کے ساتھ اس سرکاری اسپتال کو چلانا مشکل ہو رہا تھا اور دوسری طرف پرائیویٹ ہاسپٹلس شروع ہو گئے۔ اس زمانے میں مالداروں کی کمی تھی مگر دل والوں کی کمی نہیں تھی۔ جب اسپتال کی ذمہ داری میرے سر پر تھی تو اس وقت بہت سارے عطیہ دہندگان آگے آئے اور بڑا تعاون دیا، جس کی وجہ سے اسپتال کو ترقی دینا اور بہتر خدمات فراہم کرنا ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہاں پائی جانے والی خامیوں، کوتاہیوں اور غلطیوں کی نشاندہی اور تنقید ہمیں اصلاح کرنے اور اسپتال کو مزید ترقی دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ہم چاہے عہدے پر رہیں یا نہ رہیں، اپنی خدمات دینے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔
    
گوڈ سرسوت بریمن (جی ایس بی) سماج کے اعزازی صدر نریندر نائیک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شریدھر وسنت شانبھاگ نے اپنی آنجہانی چاچی گیتا شانبھاگ کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تعلیم اور علاج معالجے کے مقصد سے بہت زیادہ مالی عطیہ دیا کرتی تھیں ۔ ان کے شوہر وامن شانبھاگ  امریکہ جا کر مقیم ہوگئے اور وہیں پر تجارت شروع کی ۔ اپنے آبائی شہر بھٹکل میں کوئی عطیہ دینے کی بڑی خواہش تھی ۔ اس لئے انہوں نے اپنی اہلیہ کی یاد میں یہ نیک کام کیا ہے ۔

وزیر منکال وئیدیا نے تاجر وسنت شانبھاگ، تعلقہ اسپتال کے ایڈمنسٹریٹیو میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارون کمار کے علاوہ ڈاکٹر سویتا کامت کی تہنیت کی ۔

تقریب میں   وسنت گنپیّا شانبھاگ اور انچارج اسسٹنٹ کمشنر پروین کرانڈے  کے علاوہ  اسسٹنٹ تحصیلدار جئے لکشمی، انچارج  بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈآکٹر پریا گونسالویز ودیگر موجود تھے۔  ڈاکٹر ارون کمار نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ ٹیچر نارائن نائک نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے آخر میں شکریہ ادا کیا۔


Share: