بھٹکل، 6 مارچ (ایس او نیوز): اترکنڑا ضلع کے ڈانڈیلی شہر میں چار سالہ بچے کے اچانک لاپتہ ہونے کی خبر سے پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم تقریباً پانچ گھنٹوں کی مسلسل تلاش کے بعد بچہ حیرت انگیز طور پر اپنے ہی گھر میں چھت کی سیڑھیوں کے نیچے سویا ہوا ملا، جس کے بعد نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ مقامی عوام یہاں تک کہ پولیس نے بھی راحت کی سانس لی۔

بتایا گیا ہے کہ ڈانڈیلی کے لمانی چال علاقے میں رہنے والا چار سالہ بچہ اذان محمد یاسین جمعہ کی صبح اچانک گھر سے غائب ہوگیا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق بچے نے گھر سے نکلتے وقت کہا تھا کہ وہ قریبی رشتہ داروں کے گھر جا کر واپس آئے گا، لیکن کافی وقت گزرنے کے باوجود جب وہ واپس نہیں لوٹا تو اہلِ خانہ کو تشویش لاحق ہوگئی اور فوری طور پر اس کی تلاش شروع کی گئی۔
بچے کے لاپتہ ہونے کی خبر جلد ہی محلے اور شہر کے مختلف حصوں میں پھیل گئی، جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ تلاش میں شامل ہوگئے۔ پولیس کو اطلاع دی گئی تو اس نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں تلاشی مہم شروع کردی۔ مسجدوں میں اعلانات کے ذریعے عوام سے اپیل کی گئی کہ اگر بچے کے بارے میں کوئی اطلاع ملے تو فوراً قریبی پولیس اسٹیشن کو آگاہ کریں۔
اطلاعات کے مطابق ہلیال اور جوئڈا پولیس اسٹیشنوں کو بھی واقعہ سے آگاہ کیا گیا اور شہر کے مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کر کے نگرانی سخت کردی گئی۔ اسی دوران کاروار سے ڈاگ اسکواڈ طلب کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی تھی۔ بچے کی گمشدگی کے باعث نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ پورے علاقے کے لوگ سخت پریشان تھے اور مختلف مقامات پر اس کی تلاش جاری تھی۔
تاہم تقریباً پانچ گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد جب گھر کی دوبارہ تلاشی لی گئی تو بچہ اپنے ہی گھر میں چھت کی سیڑھیوں کے نیچے سکون سے سویا ہوا پایا گیا۔ بچے کے ملتے ہی اہلِ خانہ، پولیس اور مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی، جبکہ علاقے میں خوشی اور اطمینان کی فضا قائم ہوگئی۔
Click here for report in English


