بھٹکل/ 6 مارچ (ایس او نیوز) ضلع میں آتی کرم داروں یعنی جنگل واسیوں کے لئے زمین کے حقوق کے لئے جد و جہد کرنے والی ہوراٹا سمیتی ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر سے اپیل کی ہے کہ زمین کے حقوق کے سلسلے میں مسترد کردہ درخواستوں کا از سر نو جائزہ لینے کے لئے ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ضلع انچارج وزیر کی موجودگی میں جوائنٹ کمیٹی اور ہوراٹا سمیتی کے وفد کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے ۔
ہوراٹا سمیتی کے وفد نے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنی تحریری درخواست بھی پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ان درخواستوں کا دوبارہ جائزہ لینے کے لئے "جوائنٹ جائزہ کمیٹی" متاثرین کو حقیقی معنوں میں انصاف دلانے کی سمت میں بہت اہم ہے۔ اس لئے ضلع ڈپٹی کمشنر کو چاہیے کہ اس تعلق سے مشترکہ اجلاس منعقد کریں۔
ہوراٹا سمیتی کی اس اپیل پر مثبت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے وفد کو مارچ کے آخر تک میٹنگ منعقد کروانے کا تیقن دیا۔
اس موقع پر ناگیش نائک کاگل، راما موگیر بھٹکل، وی این نائک بیڈکنی، چندرکانت کوچریکر الّنکی، ویر بھدرا نائک سداپور، ایم ڈی نائک بھٹکل، سمیع اللہ شیخ بھٹکل، سلیمان شیخ بھٹکل اور دیگر افراد موجود تھے ۔