ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ماک ڈرل کے طور پر مکمل بلیک آؤٹ؛ نیشنل ہائی وے پر بھی عارضی پابندی

بھٹکل میں ماک ڈرل کے طور پر مکمل بلیک آؤٹ؛ نیشنل ہائی وے پر بھی عارضی پابندی

Tue, 13 May 2025 11:40:33    S O News
بھٹکل میں ماک ڈرل کے طور پر مکمل بلیک آؤٹ؛ نیشنل ہائی وے پر بھی عارضی پابندی

بھٹکل  12 مئی (ایس او نیوز) — ہندوپاک کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ملک گیر سطح پر احتیاطی اقدامات کے تحت بھٹکل میں پیر کی شام ساڑھے سات بجے سے آٹھ بجے تک ماک ڈرل کے طور پر مکمل بلیک آؤٹ کیا گیا۔ اس دوران شہر کی تمام بجلی بند کر دی گئی اور ٹریفک کی آمد و رفت پر بھی عارضی روک لگا دی گئی۔

بلیک آؤٹ کا آغاز مقررہ وقت سے پانچ منٹ قبل ہی محکمہ الیکٹری سٹی کی جانب سے بجلی بند کر کے کیا گیا، جس کے فوراً بعد پولیس نے شہر کے مختلف چوراہوں پر اپنی تعیناتی شروع کر دی۔ شمس الدین سرکل پر ڈی وائی ایس پی مہیش کی قیادت میں پولیس ٹیم نے سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے 66 سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کو روک دیا، اور ان کی ہیڈ لائٹس بند کرنے کی ہدایت دی۔

ماک ڈرل کے دوران بھٹکل، مرڈیشور اور اطراف کے علاقوں میں مکمل اندھیرا چھا گیا۔ جو شہری سواریوں پر گھروں سے باہر نکلے تھے، انہیں موجودہ مقام پر ہی روک دیا گیا اور بلیک آؤٹ مکمل ہونے تک آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس بھی اپنی گاڑیوں کی لائٹس بند کر کے عوام کو مکمل تعاون کی تلقین کرتی نظر آئی۔

ٹھیک رات آٹھ بجے بلیک آؤٹ ختم ہوتے ہی بجلی بحال کی گئی، اسٹریٹ لائٹس روشن ہوئیں، اور ٹریفک دوبارہ معمول پر آ گیا۔ شمس الدین سرکل پر ٹریفک کی روانی بحال ہوتے ہی گاڑیوں کی روشنیوں سے شہر دوبارہ روشن ہو گیا۔

اس ماک ڈرل کو بھٹکل میں مکمل کامیابی حاصل ہوئی، جس میں نہ صرف پولیس اور انتظامیہ نے بھرپور تعاون کیا بلکہ عوام نے بھی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ کا ساتھ دیا۔ 

bhatkal-blackout-3

click here for report in English


Share: