ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں گھر گھر پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 30 کروڑ کا منصوبہ شروع

بھٹکل میں گھر گھر پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 30 کروڑ کا منصوبہ شروع

Thu, 08 May 2025 22:08:48    S O News
بھٹکل میں گھر گھر پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 30 کروڑ کا منصوبہ شروع

بھٹکل،8/ مئی (ایس او نیوز) بھٹکل میونسپل حدود میں گھر گھر پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے تقریباً 30 کروڑ روپے کی لاگت سے امرت اسکیم 2.0 (Atal Mission for Rejuvenation and Urban Transformation) کے تحت عملی اقدامات شروع ہوچکے ہیں۔ اس بڑے پروجیکٹ کے تحت پورے شہر کو چھ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انجمن کالج اور مخدوم کالونی کی پہاڑیوں پر دس دس لاکھ لیٹر پانی کے ذخیرے کی گنجائش والے نئے واٹر ٹینک تعمیر کیے جائیں گے، جب کہ پہلے سے موجود پرانی پائپ لائنوں کو ہٹا کر ان کی جگہ جدید اور مضبوط پائپ نصب کیے جائیں گے۔

اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے 50 فیصد یعنی تقریباً 1261.50 لاکھ روپے، ریاستی حکومت کی طرف سے 40 فیصد یعنی قریب 1009.20 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے، جب کہ بھٹکل میونسپالٹی اس پروجیکٹ کے لیے 10 فیصد یعنی 252.30 لاکھ روپے کے ساتھ سینیٹیج چارجز 205 لاکھ روپے اور مینٹیننس چارجز 198 لاکھ روپے سمیت کل 655.30 لاکھ روپے کی شراکت داری کرے گی۔

یہ پروجیکٹ گزشتہ سال 20 جون کو بھٹکل میونسپالٹی میں منعقدہ میٹنگ میں منظور کی گئی قرارداد کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ کرناٹک حکومت کے اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے طے کردہ شرائط کی بنیاد پر کرناٹک اربن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کو اس منصوبے کے کاموں کی انجام دہی کی اجازت دی گئی ہے۔ بورڈ کے کاروار زون کے ایگزیکٹو انجینئر اس کام کی نگرانی کریں گے۔

IMG-20250501-WA0193

اس تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے میونسپل کونسل کے انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت پرانے وارڈوں میں موجود پرانی CI، AC اور PVC پائپوں کو نکال کر نئی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ ان علاقوں میں جہاں اب تک پانی کی لائنیں موجود نہیں تھیں، وہاں بھی سڑک کنارے کھدائی کے ذریعے نئی پائپ لائنیں ڈالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران بلدیہ سے بھرپور تعاون کریں۔

الطاف کھروری کے مطابق بھٹکل میونسپل حدود کے 66 کلومیٹر طویل علاقے میں گھر گھر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے چھ زونز بنائے گئے ہیں۔ نئی اسکیم کے تحت جہاں بھی موجودہ پائپ لائنیں خستہ حال ہو چکی ہیں، وہاں HDP (High-Density Polyethylene) پائپ نصب کرنے کا کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، KUIDFC کے تحت پہلے سے بدلے گئے نیٹ ورک کو بھی ضرورت کے مطابق نئے ڈیزائن کے تحت بدلا جائے گا۔

میونسپل کونسل میں منظور شدہ قرارداد نمبر 48 کے تحت امرت 2.0 اسکیم کے تحت بھٹکل شہر کے موجودہ پانی کی تقسیم کے نظام میں بہتری لانے کے لیے 2926.00 لاکھ روپے کے منصوبے پر عمل درآمد کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے مطابق کرناٹک اربن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے 2728.00 لاکھ روپے کی تخمینی لاگت کے ساتھ منصوبہ تیار کیا ہے، جبکہ کام مکمل ہونے کے بعد پانچ سالہ دیکھ بھال اور انتظام کے لیے 198.00 لاکھ روپے کی اضافی تجویز پیش کی گئی ہے، جس سے کل تخمینہ 2926.00 لاکھ روپے تک پہنچتا ہے۔

اس منصوبے سے قبل، سال 2007-08 میں KUIDFC کے تحت واٹر سپلائی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت کڈوین کٹہ میں نیا جیک ویل اور پمپنگ مشینیں نصب کی گئی تھیں، جبکہ انجمن کالج کی پہاڑی پر 8.20 MLD کی صلاحیت والا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا گیا تھا۔ موجودہ اسکیم میں انجمن کالج پہاڑی پر موجود پرانے واٹر ٹینک کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے ساتھ دس لاکھ لیٹر کا نیا ٹینک تعمیر کیا جا رہا ہے، اسی طرح مخدوم کالونی میں موجود 8 لاکھ لیٹر کا واٹر ٹینک برقرار رکھتے ہوئے وہاں بھی ایک نیا دس لاکھ لیٹر کا ٹینک تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، جامع مسجد کے قریب برنی مٹی میں موجود واٹر ٹینک، نوائط کالونی اور سنتے مارکٹ میں پہلے سے قائم واٹر ٹینکس کے ذریعے بھی پانی کی فراہمی کی جائے گی تاکہ میونسپل حدود کے تمام مکانات تک پانی کی رسائی ممکن ہو سکے۔

اس منصوبے کے تحت پورے شہر کا تفصیلی سروے کیا جائے گا تاکہ یہ جانا جا سکے کہ کل کتنے مکانات کو پانی فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ پڑوسی پنچایتی علاقے میں پانی کی قلت ہے تو وہاں بھی پانی فراہم کرنے کا ارادہ ہے۔

الطاف کھروری نے مزید بتایا کہ بھٹکل میں تیزی سے بڑھتی آبادی کے پیش نظر میونسپل کونسل میں نئے پانی کنکشنز، پائپ نیٹ ورک کی تبدیلی، مخدوم کالونی اور انجمن کالج کی پہاڑی پر نئی پمپنگ مشینوں کی تنصیب، موجودہ کنکشنز کی مرمت اور آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا ہے۔

یہ امرت 2.0 اسکیم بھٹکل میں لانے اور اس پر عمل درآمد کو ممکن بنانے میں بھٹکل کے رکن اسمبلی اور اُترکنڑا ڈسٹرکٹ انچارج وزیر منکال وئیدیا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، جنہوں نے اس اہم منصوبے کے لیے حکومتی سطح پر مسلسل پیروی کی۔

IMG-20250501-WA0192

Share: