دبئی: 5 اگست سے متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکیں گے ہندوستان ، پاکستان اور دیگر چار ممالک کے باشندے
دبئی 3/ اگست (ایس او نیوز) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ملک میں داخلے کی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے 5 /اگست سے ہندوستان، پاکستان، نائجیریا، یوگانڈا، نیپال اور سری لنکا کے ان باشندوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے جن کے پاس اقامہ ہو اور ان کے کووڈ ویکسینیشن کے دونوں ڈوز پورے ہوچکے ہوں ۔
دبئی سے شائع ہونے والے معروف انگریزی روزنامہ خلیج ٹائمز کی خبر کے مطابق نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈسیاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی نے مسافروں کے لئے رعایتوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یو اے ای میں داخلہ کے لئے اقامہ رکھنے والوں کو کووڈ ویکسین کا دوسرا ڈوز لے کر کم از کم 14 دن کا وقفہ گزرنا ضروری ہوگا۔ ساتھ میں ویکسینیشن کا سرٹفکیٹ بھی ہونا لازمی ہوگا ۔
رپورٹ کے مطابق جن ممالک کے مسافروں کے داخلے پر تحدید لگی ہے وہاں سے ویکسین لگے ہوئے اور بغیر ویکسین کے مندرجہ ذیل زمروں کے مسافروں کو بھی یو اے ای میں داخلے کی اجازت ہوگی :
۱۔ شعبہ صحت سے متعلقہ افراد جو یو اے ای میں ملازمت کرتے ہوں جن میں ڈاکٹرس، نرسس اور ٹیکنی شیئنس شامل ہیں ۔
۲۔ یو اے ای کے شعبہ تعلیم میں جو لوگ ملازمت کرتے ہوں ۔ جیسے یونیورسٹیز، کالجس، اسکولس اور دیگر تعلیمی ادارے
۳۔ یو اے ای میں زیر تعلیم طلبہ
۴۔ انسانی بنیاد پر ایسے لوگ جن کے پاس با ضابطہ اقامہ موجود ہو ۔
۵۔ ایسے افراد جو فیڈرل یا لوکل سرکاری ایجنسیوں میں برسر ملازمت ہوں ۔
خیال رہے کہ کووڈ وباء کے پاس منظر میں اس سے قبل یو اے ای میں ان ممالک سے آنے والے مسافروں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا تھا ۔