قطر میں ہندوستان کی مقبول شخصیت اور بھٹکل مسلم جماعت قطر کے سرگرم رُکن زُبیر خلیفہ انتقال کرگئے؛ جنازے میں سینکڑوں لوگوں کی شرکت
بھٹکل 4 مارچ (ایس او نیوز) قطر میں جماعت اسلامی ہند سمیت ہندوستان کے مختلف اداروں سے منسلک نہایت مقبول شخصیت اور بھٹکل مسلم جماعت قطر کے سرگرم رکن و سرپرست جناب محمد زُبیر خلیفہ یکم مارچ کی صبح دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ ان کی عمر 56 سال تھی۔ اسی رات قطر قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
نہایت سخی، مخلص ، سادہ مزاج اور بے حد بہترین انسان جناب محمد زُبیرخلیفہ گوناگو صلاحیتوں کے مالک تھے، قطر میں جماعت اسلامی ہند سمیت ہندوستان کے کئی دوسرے ملی و سماجی اداروں سے منسلک تھے، قطر میں موصوف اتنے مقبول اور معروف تھے کہ اس کا اندازہ جنازے میں شریک ہونے والوں کی تعداد سے لگایا جاسکتا ہے جس میں 800 سے زائد لوگ شریک ہوئے اور میت کا آخری دیدار کرنے کے لئے عوام کا ہجوم اُمڈ پڑا۔ اپنے خاندان کے ساتھ بھی ان کا رشتہ اتنا گہرا اور مضبوط تھا کہ جنازے میں شریک ہونے کے لئے ایک طرف ممبئی سے ان کے بھائی عمر خلیفہ اور دبئی سے محمد غوث خلیفہ سمیت پوری فیملی اسی طرح کالی کٹ سے ساس سسر اور مینگلور سے ان کا فرزند اور دُختربھی اپنے والد کے انتقال کی خبر ملتے ہی قطر پہنچ گئے، دوسری طرف ان کے قریبی رشتہ داروں میں سعودی عربیہ سے جناب محمد یونس قاضیا، محمد نعیم ائیکری، عبدالعلیم قاضیا، عمار قاضیا اور عبدالسلام دامداابو ودیگر رشتہ دار بھی جنازے میں شریک ہوئے۔
بھٹکل مسلم جماعت قطر میں موصوف نےکئی بار صدر اور جنرل سکریٹری کے عہدوں پر فائز رہ کر خدمات انجام دیں، پھر آپ نے نوجوانوں کو آگے بڑھانے اور جماعتی نظام سے جُڑکر قوم و ملت کی باگ دوڑ سنبھالنے کے لئے تیار کرایا۔
مرحوم ابوبکر خلیفہ کے صاحبزادے جناب زُبیر خلیفہ نے اپنی ابتدائی تعلیم سمیت اعلیٰ تعلیم ممبئی میں مکمل کی، ان کا ابتدائی دور ممبئی میں ہی گذرا، پھر وہ بی کام کی ڈگری لے کر شارجہ پہنچے ، یہاں ایک کے بعد دوسری کمپنی میں اکاونٹنٹ کی حیثیت سے کام کیا۔1993-94 میں وہ قطر پہنچے اور قریب 30 سال تک قطر کی سب سے بڑی اور اہم کمپنی قطر پٹرولیم میں اکاونٹنٹ کا عہدہ حاصل کیا اس درمیان انہوں نے ایم بی اے کی تعلیم بھی مکمل کی۔اسی کمپنی میں جس میں ملازمت پانے کا لوگ خواب دیکھتے ہیں جناب زُبیر صاحب ترقی پاتے ہوئے سنیر فائنانشیل انالیسٹ کے اہم عہدہ تک پہنچ گئے۔ اتنی بڑی کمپنی میں اتنا بڑا اور اہم عہدہ، مگر زندگی اتنی سادہ اور مزاج اتنا نرم کہ ہر ایک کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے تھے۔ بے حد مخلص ، دین کے ہر کام میں آگے اور پنچ وقتا نماز کے ساتھ سنت اور تسبیحات کا اہتمام، ہر ایک کی مدد کرنے میں پیش پیش۔یہاں تک کہ ان کے تعلق سے کسی نے یہ بھی بتایا کہ ان کی تنخواہ کا 75 فیصد حصہ خیر کے کاموں میں صرف ہوتا تھا۔ کسی نے بتایا کہ وہ خاموشی سے لوگوں کی مدد کرتے تھے، کئی مدرسوں اور کئی غریب گھرانوں میں ان کا راشن پہنچتا تھا۔ کمپنی کے کام سے مرحوم زُبیر خلیفہ کو دنیا کے مختلف ممالک کے دوروں کابھی موقع ملا ۔ اس کے ساتھ ساتھ قوم وملت کے مسائل کو حل کرنے وہ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی میٹنگوں اور بین الجماعتی کانفرنسوں میں شرکت کے لئے قطر سے باہر جانے کے لئے بھی اپنا وقت نکالتے تھے۔
ان کا ایک فرزند انجینرنگ میں ماسٹر کرنے کے بعد کیلی فورنیا میں مقیم ہے، ان کی دُختر مینگلور یونوپویامیڈیکل کالج میں بی ڈی ایس کے بعد انٹرنشپ کررہی ہے، جبکہ ان کا ایک چھوٹا فرزند مینگلور کے قریب سورتکل میں انجینرنگ کررہا ہے۔
بے حد آرگنائز، اپنے جسم او راپنی صحت کا خاص خیال رکھنے والے ، ہر کام میں وقت کے پابند جناب زُبیر خلیفہ کو یکم مارچ اچانک ہارٹ اٹیک ہوا تو فوری قریبی اسپتال لے جایا گیا مگر اللہ کا بلاوا آگیا اور آناً فاناً میں ان کی روح قبض ہوگئی۔ ان کے انتقال پر ایک طرف جماعت اسلامی ہند کی طرف سے قطر میں تعزیتی جلسہ منعقد ہوا جس میں ہندوستان کے مختلف ملی و سماجی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کرتے ہوئے مرحوم کی گوناگوں صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے حق میں مغفرت کی دعائیں کیں وہیں دوسری طرف بھٹکل مسلم جماعت قطر کی طرف سے بھی تعزیتی جلسہ رکھا گیا اور ان کی موت کو قوم وملت کے لئے بڑا خسارہ قرار دیتے ہوئے اللہ رب العزت سے ان کی مغفرت کی دعائیں کی گئیں۔
ان کے انتقال پر بھٹکل کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران نے بھی نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات ارسال کئے ہیں۔ بالخصوص قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے گھروالوں کے ساتھ تعزیت کی ہے بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب عمر فاروق مصباح، سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری، عبدالمتین ائیکری، رحمت اللہ راہی ، جیلانی محتشم، محمد آفاق نائطے سمیت بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر جناب عبدالسلام دامدا بو، جنرل سکریٹری عبدالمُعِز جوکاکو، عُبیداللہ عسکری، بھٹکل مسلم جماعت قطر کے صدر مولانا عبدالعظیم رکن الدین ندوی ، جنرل سکریٹری عبدالرب اسماعیلجی ، سابق جنرل سکریٹری عبدالغنی علی اکبرا سمیت جمیع اراکین انتظامیہ نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور دعائیں کی ہیں کہ اللہ ان کی جملہ خدمات کو قبول فرمائیں ، ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
پتہ چلا ہے کہ قطر میں مرحوم کی رہائش گاہ پر گھروالوں کے ساتھ تعزیت کرنے کثیر تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں، گھر والوں نے اس ضمن میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں لوگ بڑی تعداد میں گھر پہنچ کر ان کے دکھ درد میں شریک ہوئے اور گھروالوں کو ڈھارس بندھائی، اسی طرح گھروالوں نے مرحوم کی مغفرت کے لئے خصوصی دعاوں کی بھی درخواست کی ہے۔