سلامتی کونسل حوثیوں کے حملے روکنے کے لیے کردار ادا کرے: سعودی عرب
ریاض، 25/نومبر (آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب نے سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ گذشتہ سوموار کے روز جدہ میں ایک پٹرول اسٹیشن پر ہونے والے حملے کے پیچھے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا ہاتھ ہے۔ سعودی عرب نے سلامتی کونسل سے مملکت پرحملے روکنے کے لیے حوثیوں پر دباو ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا۔رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل میں سعودی عرب کے خصوصی مندوب عبداللہ المعلمی نے کونسل کے 15 رکن ممالک کو مکتوب ارسال کیے ہیں جن میں سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حالیہ حملوں کے حوالے سے حوثی باغیوں کو قصور ٹھہرایا گیا ہے۔مکتوب کہا گیا ہے کہ مملکت میں تیل کی تنصیبات پر حملوں میں حوثی ملوث ہیں۔ حوثیوں کے حملوں سے نہ صرف سعودی عرب کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ ان سے عالمی توانائی کے مراکز کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ حوثیوں نے یمن کے ساتھ سعودی عرب اور دوسرے ممالک کی قومی سلامتی بھی داو پر لگا دی ہے۔سعودی سفیر نے کہا کہ جدہ میں سوموار کے روز ہونے والے حملے کے پیچھے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ مملکت حوثی دہشت گردوں کو مملکت کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔اُدھر سعودی عرب کی وزارت پٹرولیم کے ایک ذرائع نے کہا ہے کہ جدہ میں تیل کی تنصیب پر حملے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا تاہم کچھ دیر کے لیے تیل کی ترسیل روک دی گئی تھی۔