اتر کنڑا : منتخب عوامی نمائندوں کی وعدہ خلافی ، سرکاری افسران کی بے توجہی اور متحدہ عوامی جد و جہد کی کمی کا شکار ہوا ہے ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کا ادھورا خواب 

Source: S.O. News Service | Published on 25th July 2022, 8:59 AM | ساحلی خبریں | اسپیشل رپورٹس |

بھٹکل 25؍ جولائی (ایس او نیوز) پچھلے کئی برسوں سے ضلع شمالی کینرا کے لئے ایک جدید ترین وسائل اور سہولتوں والے ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے ۔ اور جب بھی کوئی بڑا حادثہ ہوتا ہے اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت پیدا ہوتی ہے تو یہ مطالبہ میڈیا اور بالخصوص سوشیل میڈیا میں تیز ہوجاتا ہے ۔ ٹویٹر پر ٹرینڈ چلایا جاتا ہے ۔ پھر چند دن بعد کسی دوسرے بڑے حادثے تک یہ موضوع سرد خانے میں چلا جاتا ہے۔
    
دوسرے اضلاع سے پچھڑا ہے  شمالی کینرا: بھٹکل سمیت ضلع میں طبی سہولتوں اور علاج و معالجہ کے جدید وسائل کی کمی کی وجہ سے ہزاروں مریض مینگلور، اڈپی، منی پال، کنداپور، ہبلی، دھارواڑ، شموگہ اور گوا جیسے پڑوسی علاقوں اور شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔ اور یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ان علاقوں میں جو بڑے بڑے جدید ترین اسپتال قائم کیے گئے  ہیں اور علاج و معالجہ کے سیکٹر میں جو زبردست ترقی ہوئی ہے اس میں ہمارے ضلع کے مریضوں سے ہونے والی آمدنی کا بھی بڑا حصہ ہے ۔
    
سیاسی لیڈروں کے کھوکھلے وعدے: جب بھی ہنگامی صورتحال پیدا ہوتی ہے اور ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کا موضوع گرم ہوتا ہے تو سیاسی لیڈران فوراً اخباری بیان دینے اور اس ضرورت کو پہلی فرصت میں  پورا کرنے کا وعدہ کرنے کے لئے آگے بڑھتے ہیں ۔ جیسے ہی یہ موضوع ٹھنڈا ہوگیا تو اپنے کھوکھلے وعدوں کی زنبیل کے ساتھ  یہ سیاسی لیڈران غفلت کی نیند سو جاتے ہیں ۔ کچھ برس قبل سابق وزیر ناگراج شیٹی نے لوگوں کو سنہرا خواب دکھایا تھا کہ ایک نجی ٹرسٹ کے ذریعہ کمٹہ میں ایک سوپر ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا ۔ اس بات کو ایک لمبا عرصہ گزر گیا اورناگراج شیٹی اقتدار سے باہر بھی ہوگئے اور ہاسپٹل تعمیر ہونے کے آثار کہیں نظر نہیں آتے ۔ 
    
حالیہ شیرور ٹول گیٹ حادثہ کے بعد اب سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا نے اس خواب کو پورا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔  اس وعدے کا انجام کیا ہوگا یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔ لیکن ایک بات تو طے ہے کہ اس کا بہت کچھ انحصار آنے والے اسمبلی الیکشن کے نتائج پر ہوگا ۔ 
    
سوشیل میڈیا پر مہمات: گزشتہ چند برسوں سے دیکھا جا رہا ہے کہ جب بھی ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کی شدید ضرورت سامنے آتی ہے تو نئے زمانے کے فیشن کے مطابق سوشیل میڈیا پر گرما گرم بحث ہوتی ہے ۔ ٹویٹر پر ہیاش ٹیاگ چلایا جاتا ہے ۔ پچھلی مرتبہ 2019 میں یہ مہم بڑی تیز تو ہوئی تھی ، مگر نتیجہ ڈھاک کے تین پات ہی رہا تھا ۔ اب شیرور ٹول گیٹ پر ایمبولینس سانحہ کے بعد پھر سے ہاسپٹل کا مطالبہ لے کر24 جولائی کوٹویٹر پر  we Need Emergency Hospital In Uttarkannada # مہم شروع کی گئی ہے ۔ دوسری طرف وہاٹس ایپ پر No# Hospital No Vote کی مہم بھی جاری ہے ۔ 
    
صرف سوشیل میڈیا سے کام نہیں چلنے والا: حالانکہ اس طرح کی مہمات کے لئے نوجوانوں ، باشعور شخصیات اور سیاسی لیڈروں کی حمایت تو مل رہی ہے لیکن عوام کو پچھلے تجربہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے یہ سمجھ لینا چاہیے کہ جب تک عملی میدان میں سڑکوں پر اتر کر سخت ترین احتجاج کے ذریعے منتخب عوامی نمائندوں، سیاسی لیڈروں اور سرکاری افسران کی نیندیں حرام نہیں کی جاتیں تب تک یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر ہونے والا نہیں ہے ۔ 
    
کیا یہ صرف ساحلی علاقے کی ضرورت ہے؟ : ضلع کے لئے سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کے مطالبہ میں عوامی آواز کا جائزہ لیں تو صاف نظر آتا ہے کہ اس میں پورے ضلع کے عوام شامل نہیں ہو رہے ہیں اور ایک متحدہ آواز اور مطالبہ بن کر یہ معاملہ ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے ۔ جدید ترین اسپتال کے لئے جو آوازیں اٹھ رہی ہیں وہ صرف ساحلی علاقے تک محدود ہیں ۔ ضلع کے گھاٹ اور میدانی علاقے سے اس میں آواز نہیں ملائی جا رہی ہے ۔ اس کا سبب جغرافیائی لحاظ سے شمالی کینرا کا بہت زیادہ وسیع ہونا ہے ۔ 
    
سوپر ہاسپٹل بنے بھی تو کہاں بنے ! : جب بھی ضلع کے لئے جدید ترین سہولتوں والے ہاسپٹل کی بات سامنے آتی ہے تو ایک اہم سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ اتنے وسیع ضلع میں تمام لوگوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہونے والا ہاسپٹل کس مقام پر بنایا جائے ۔ اور اسی نکتہ کی وجہ پورے ضلع کے عوام متحدہ آواز اٹھانے میں ناکام ہیں ۔ 
    
چونکہ اس ہاسپٹل کا مطالبہ پوری قوت کے ساتھ ساحلی علاقے سے اٹھ رہا ہے تو اگر یہاں ہاسپٹل تعمیر ہوتا ہے تو پھر ہلیال ، ڈانڈیلی، جوئیڈا منڈگوڈ کے لوگوں کو کوئی خاص سہولت ہونے والی نہیں ہے ۔ ان کے لئے اتنی دور سفر کرنے کے بجائے قریبی سہولت بیلگاوی اور ہبلی میں دستیاب ہے ۔ اس لئے میدانی علاقے کے لوگ بے تعلقی دکھا رہے ہیں ۔
    
ملیناڈو علاقے کی بات کی جائے تو وہ بھی اس میں زیادہ دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں کیونکہ سرسی ، یلاپور وغیرہ سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے لئے ہبلی ہی زیادہ قریب ہے ۔ سداپور والوں کے لئے شیموگہ قریبی مقام ہے جہاں بہترین طبی سہولتوں والے اسپتال موجود ہیں ۔ اس طرح یہ معاملہ صرف ساحلی علاقے کی شدید ضرورت کا بن کر رہ گیا ہے ۔ 
    
سرکیوٹ ہاوس کے بجائے ہاسپٹل تعمیر کیا جائے :  کاروار میں اس وقت پرانے پر سرکیوٹ ہاوس کو منہدم کرکے نیا سرکیوٹ ہاوس تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ اس منصوبے پر 9 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ ہونگے ۔ عوام کی طرف سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ حکومت اس منصوبے کو منسوخ کرکے اس کی جگہ ایک ملٹی اسپیشالٹی اسپتال تعمیر کرنے کو ترجیح دے ۔ لوگوں کی دلیل یہ ہے کہ سرکیوٹ ہاوس تعمیر کرنے سے صرف سیاست دانوں ، وی آئی پی اور سرکاری افسران کے لئے عیش و آرام کی سہولت حاصل ہوگی لیکن عوام کی راحت کے لئے اس وقت سب سے بڑی ضرورت جدید ترین سہولتوں والے ہاسپٹل کی تعمیر ہے ۔ اس سرکیوٹ ہاوس کی تعمیر پر آنے والا خرچ اگر ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل ، کریٹیکل کیئر سینٹر اور ٹراما سینٹر کی تعمیر کے لئے فراہم کیا جائے تو عوام کا بھلا ہوگا اور سیکڑوں مریضوں کی جان بچانا آسان ہوجائے گا ۔ 
    
عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کاروار میں زیر تعمیر نئے سرکیوٹ ہاوس کی جگہ چونکہ میڈیکل کالج سے قریب ہے اس لئے یہاں جدید ہاسپٹل تعمیر کرنے پر ڈاکٹروں اور ماہرین کی دستیابی بھی کوئی مسئلہ نہیں رہے گی ۔ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں موجود طبی ماہرین کے علاوہ مزید چند ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں توعوام کے لئے ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کی خدمات  فراہم کرنا آسان ہوجائے گا۔   

ایک نظر اس پر بھی

منگلورو میں بی جے پی کارکن نے پولنگ بوتھ کے پاس کیا ہنگامہ - کنداپور میں 'نوٹا' کی مہم زوروں پر

ووٹنگ کے دوران پولنگ بوتھ کے قریب  بی جے پی کارکنوں  کی پہلے پولس پھر صحافیوں کے ساتھ اُس  وقت جھڑپ شروع ہوگئی جب کانگریس امیدوار پدماراج آر پجاری  ایک گھنٹہ تک  ووٹنگ کی قطار میں کھڑے ہونے کے بعد  اپنا ووٹ ڈال کر باہر آرہے تھے۔  واردات  جمعہ صبح کو پیش آئی۔

منڈگوڈ میں ڈاکٹر انجلی نمبالکر  نے کہا : وزیر اعظم صرف من کی بات کرتے ہیں اور جن کی بات بھول جاتے ہیں  

لوک سبھا کے لئے کانگریسی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے منڈگوڈ کے ملگی نامی علاقے میں انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں وزیر اعظم نریندرا مودی نے صرف من کی بات کی ہے اور انہیں کبھی جن کی بات یاد نہیں آئی ۔

اُتر کنڑا میں چڑھ رہا ہے سیاسی پارہ - پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رامیا کریں گے ضلع کا دورہ

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے اُتر کنڑا میں سیاسی پارہ پوری قوت سے اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے کیونکہ اپنے اپنے امیدواروں کے پرچار کے لئے وزیر اعظم نریندرا مودی اور وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے دورے طے ہوئے ہیں ۔

اُتر کنڑا میں آج سے 30 اپریل تک چلے گی عمر رسیدہ، معذور افراد کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی سہولت

ضلع ڈپٹی کمشنر گنگو بائی مانکر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے معذورین اور 85 سال سے زائد عمر والوں کے لئے گھر سے ووٹ دینے کی جو سہولت فراہم کی گئی ہے، اتر کنڑا میں آج سے اس کی آغاز ہو گیا ہے اور 30 اپریل تک یہ کارروائی چلے گی ۔

یہ الیکشن ہے یا مذاق ؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آز: ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ایک طرف بی جے پی، این ڈی اے۔۔ جی نہیں وزیر اعظم نریندرمودی "اب کی بار چار سو پار"  کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف حزب اختلاف کے مضبوط امیدواروں کا پرچہ نامزدگی رد کرنے کی  خبریں آرہی ہیں ۔ کھجوراؤ میں انڈیا اتحاد کے امیدوار کا پرچہ نامزدگی خارج کیا گیا ۔ اس نے برسراقتدار ...

بھٹکل سنڈے مارکیٹ: بیوپاریوں کا سڑک پر قبضہ - ٹریفک کے لئے بڑا مسئلہ 

شہر بڑا ہو یا چھوٹا قصبہ ہفتہ واری مارکیٹ عوام کی ایک اہم ضرورت ہوتی ہے، جہاں آس پاس کے گاوں، قریوں سے آنے والے کسانوں کو مناسب داموں پر روزمرہ ضرورت کی چیزیں اور خاص کرکے ترکاری ، پھل فروٹ جیسی زرعی پیدوار فروخت کرنے اور عوام کو سستے داموں پر اسے خریدنے کا ایک اچھا موقع ملتا ہے ...

نئی زندگی چاہتا ہے بھٹکل کا صدیوں پرانا 'جمبور مٹھ تالاب'

بھٹکل کے اسار کیری، سونارکیری، بندر روڈ، ڈارنٹا سمیت کئی دیگر علاقوں کے لئے قدیم زمانے سے پینے اور استعمال کے صاف ستھرے پانی کا ایک اہم ذریعہ رہنے والے 'جمبور مٹھ تالاب' میں کچرے اور مٹی کے ڈھیر کی وجہ سے پانی کی مقدار بالکل کم ہوتی جا رہی ہے اور افسران کی بے توجہی کی وجہ سے پانی ...

بڑھتی نفرت کم ہوتی جمہوریت  ........ ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ملک میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے والا ہے ۔ انتخابی کمیشن الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے قبل تیاریوں میں مصروف ہے ۔ ملک میں کتنے ووٹرز ہیں، پچھلی بار سے اس بار کتنے نئے ووٹرز شامل ہوئے، نوجوان ووٹرز کی تعداد کتنی ہے، ایسے تمام اعداد و شمار آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتیں ...

مالی فراڈ کا نیا گھوٹالہ : "پِگ بُوچرنگ" - گزشتہ ایک سال میں 66 فیصد ہندوستانی ہوئے فریب کاری کا شکار۔۔۔۔۔۔۔(ایک تحقیقاتی رپورٹ)

ایکسپوژر مینجمنٹ کمپنی 'ٹینیبل' نے ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے جس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ پچھلے سال تقریباً دو تہائی (66 فیصد) ہندوستانی افراد آن لائن ڈیٹنگ یا رومانس اسکینڈل کا شکار ہوئے ہیں، جن میں سے 81 فیصد کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مسلمان ہونا اب اس ملک میں گناہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔از: ظفر آغا

انہدام اب ایک ’فیشن‘ بنتا جا رہا ہے۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ یہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا بیان ہے۔ بے شک مکان ہو یا دوکان ہو، ان کو بلڈوزر کے ذریعہ ڈھا دینا اب بی جے پی حکومت کے لیے ایک فیشن بن چکا ہے۔ لیکن عموماً اس فیشن کا نشانہ مسلم اقلیتی طبقہ ہی بنتا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال ...