کرونا کے دنوں میں پارٹی کرنے کا انجام، ڈی جے اور مینیجرز دھر لئے گئے
دبئی،15/ستمبر (آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے بچائو کے لئے طے کردہ ضوابط کی خلاف ورزی پر دبئی پولیس نے ایک سیاحتی کمپنی کے دو مینیجرز اور ڈی جے کو پارٹی منعقد کرنے کے الزام پر گرفتار کر لیا ہے۔
دبئی پولیس کے تحقیقاتی شعبے کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر جمال سالم الجلاف نے بتایا ہے کہ "تقریب کے منتظمین نے ضروری اجازت لئے بغیر ہی سماجی فاصلے کے قواعد کی خلاف ورزی کی اور پارٹی کے شرکاء کی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔"
دبئی پولیس نے یہ کارروائی سوشل میڈیا پر اس پارٹی کی ایک وڈیو شائع ہونے کے بعد عمل میں لائی۔
الجلاف کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عوامی مقامات یا نجی ملکیتوں پر کسی بھی قسم کی میٹنگ یا پارٹی کے منتظمین کو 10 ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل پیر کے روز متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا کی ایک ویکسین کے استعمال کی ہنگامی طور پر اجازت دے دی ہے۔ یہ ویکسین ٹیسٹنگ کے تیسرے مرحلے پر استعمال کی جارہی ہے۔