منڈگوڈ 3 / مارچ (ایس او نیوز) اتر کنڑا کے منڈگوڈ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ماہی گیری و ضلع انچارج منکال وئیدیا نے شبہ ظاہر کیا کہ بینگلورو کے کیفے میں ہوئے بم دھماکے میں بی جے پی کا ہاتھ ہو سکتا ہے ، کیونکہ انتخابات کے وقت ووٹرس کو اپنی طرف راغب کرنے کے لئے بی جے پی کسی بھی حد تک جا سکتی ہے ۔
منکال نے کہا کہ یہ سب کونسی پارٹی کرتی ہے یہ سب کو معلوم ہے ۔ کسی کو بھی خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ کسی کی بھی کارستانی کیوں نہ ہو، ہماری حکومت اس کے خلاف ضرور کڑی کارروائی کرے گی ۔
منکال نے اخبار نویسوں سے کہا کہ بی جے پی والے عوامی ترقیاتی منصوبوں کے بجائے وزیر اعظم مودی کے نام پر ووٹ مانگتے ہیں ۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا آج تک بی جے پی نے کبھی بھی ترقیاتی منصوبوں پر بات کی ہے ؟ کیا بی جے پی نے غریبوں اور عام آدمی کے لئے کوئی اسکیم لے کر کبھی انتخابات کا سامنا کیا ہے ؟ وہ لوگ آج تک یہی (خوف و دہشت پھیلانے کا) کام کرتے آئے ہیں اور اس مرتبہ بھی وہی کرنے والے ہیں ۔
اسمبلی میں 'پاکستان زندہ باد' کا نعرہ لگائے جانے کے بارے میں پوچھنے پر منکال وئیدیا نے کہا کہ کانگریس والے دیش بھکت ہیں ۔ اسمبلی میں ہی نہیں ، باہر بھی اگر کہیں اس طرح کے نعرے لگیں گے تو اس کے خلاف ہم کارروائی کریں گے ۔