ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی کے کاپو بیچ پر سمندر کی تیز لہروں میں بہہ کر دو نوجوان لاپتہ، تین افراد کو بچالیا گیا

اُڈپی کے کاپو بیچ پر سمندر کی تیز لہروں میں بہہ کر دو نوجوان لاپتہ، تین افراد کو بچالیا گیا

Sun, 22 Nov 2026 22:08:50    S O News
اُڈپی کے کاپو بیچ پر سمندر کی تیز لہروں میں بہہ کر دو نوجوان لاپتہ، تین افراد کو بچالیا گیا

اُڈپی 22/نومبر (ایس او نیوز): ضلع اُڈپی کے کاپو بیچ پر اتوار کی شام سمندر کی تیز لہروں کی زد میں آکر دو نوجوان لاپتہ ہوگئے، جبکہ تین دیگر افراد کو مقامی افراد اور لائف گارڈ عملے نے بچالیا۔ بچائے گئے افراد کو علاج کے لیے اُڈپی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، دَاونگیرے سے تعلق رکھنے والا دس سے بارہ افراد پر مشتمل ایک خاندان تفریح کے لیے کاپو بیچ پہنچا تھا۔ اتوار کی سہ پہر تقریباً 4:30 بجے خاندان کے کچھ نوجوان سمندر میں اتر کر پانی میں کھیل رہے تھے کہ اچانک تیز لہروں اور پانی کے شدید بہاؤ کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں پانچ افراد سمندر میں پھنس گئے۔

ان میں سے دو افراد تیر کر کسی طرح ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ دیگر تین افراد ڈوبنے لگے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور لائف گارڈ عملے نے فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی اور محمد اسحاق نامی نوجوان کو بچالیا۔ اسے مزید علاج کے لیے اُڈپی کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا۔

تاہم، سمیر باشا (20) اور ملک ریان (15) سمندر میں لاپتہ ہوگئے۔ مقامی افراد اور لائف گارڈ عملے نے دونوں کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ آپریشن شروع کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ سمندر میں اترنے والے نوجوانوں میں سے ایک اُڈپی میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا اور اسی سے ملاقات کے لیے خاندان دَاونگیرے سے آیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کاپو پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔


Share: