کاروار، 21 / نومبر(ایس او نیوز) اتر کنڑا میں طلبہ کی مطلوبہ تعداد موجود نہ ہونے کی وجہ سے 165 سرکاری اسکولوں کو بند کرنے کی نوبت آگئی جس کی وجہ سے ایک طرف بالخصوص دیہی علاقوں میں سرکاری تعلیمی نظام کے مستقبل پر گہرے سوال کھڑے ہوگئے ہیں ۔ تو دوسری طرف تالے پڑے ہوئے اسکولوں کی عمارتوں اور اس کے اطراف کی زمین کو غیر قانونی قبضے سے بچائے رکھنا حکومت کے لئے ایک اہم مسئلہ بن گیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ بند ہوئے سرکاری اسکولوں کی زمین کو بچائے رکھنے کے لئے حکومت نے وہ زمینیں متعلقہ گرام پنچایتوں کو منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس ضمن میں پہل کرتے ہوئے کاروار تعلیمی ضلع میں بند کیے گئے 74 اسکولوں اور سرسی تعلیمی ضلع میں بند ہونے والے 91 اسکولوں سے متعلقہ اراضی کا سروے کرکے انہیں متعلقہ گرام پنچایتوں کے قبضے میں دے دیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ حکومت نے طلبہ کی کمی کی وجہ سے بند کیے جا رہے اسکولوں کی زمین پر ناجائز قبضہ اور تجاوزات کو روکنے کے لئے متعلقہ بی ای او، سی ای اور گرام پنچایت ڈیولپمنٹ افسران کو چوکنا رہنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔
تعلیم کے فروغ میں دلچسپی رکھنے والی علم دوست شخصیات ، والدین اور عوام نے ایک ہی ضلع میں اتنی بڑی تعداد میں سرکاری اسکول بند کیے جانے پر تشویش اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
ایک ستم ظریفی یہ بھی ہے کہ بند کیے گئے اسکولوں کے مسئلہ سے بھی ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جو بھی سرکاری اسکول ابھی چل رہے ہیں، وہاں طلبہ اور اساتذہ کے لئے بنیادی سہولتوں کا فقدان پایا جاتا ہے ۔
کاروار کے علاقے میں 164 اسکولوں کی عمارتیں کمزور اورخستہ حالت میں ہیں ۔ 121 کمروں کو توڑنے کی کارروائی چل رہی ہے ۔ بقیہ کمروں کی حالت کے بارے میں تیکنیکی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ سال 2026-27 میں سرسی علاقے میں 71 کمرے خستہ حالت میں ہیں، جنہیں توڑنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ جن اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کم ہو رہی ہے، انہیں دوسرے قریبی اسکولوں میں ضم کرنا بھی ایک پریشان کن مسئلہ ہے ۔ مقامی اراکین اسمبلی، ایس ڈی ایم سی کے اراکین محکمہ تعلیمات کے افسران کو بچوں کے والدین کے ساتھ مل بیٹھ کر غور و فکر کرکے اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے ۔ ورنہ سرکاری اسکولوں کا معاملہ پیچیدگیوں کا شکار ہو کر رہ جائے گا ۔