چنئی ، 22/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)تمل ناڈو حکومت نے 10 مئی سے 21 نومبر کے درمیان 23 شعبوں میں 114811.91 کروڑ روپے کے 112 سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ مجوزہ منصوبوں سے 132771 ملازمتیں ملنے کی امید ہے۔ حکومت کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق 112 منصوبوں میں سے 83 منصوبے کم از کم زمین کی دستیابی یقینی ہونے کے مرحلے تک پہنچ چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے کی حکومت کے ابتدائی 195 دنوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ مجوزہ سرمایہ کاری میں آٹوموبائل مینوفیکچرنگ اور الیکٹرانکس کا حصہ تقریباً 30 فیصد ہے۔ آٹوموبائل مینوفیکچرنگ کے شعبے میں 17073 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا گیا ہے، جبکہ الیکٹرانکس شعبے میں 16832 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجویز ہے۔
سرمایہ کاروں نے ٹیکسٹائل صنعت کے لیے بھی 7871 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ ان تینوں شعبوں کو ملا کر مجموعی سرمایہ کاری 41776 کروڑ روپے ہوتی ہے، جو کل معاہدوں کی مالیت کا 36 فیصد سے کچھ زیادہ ہے۔ حکومت نے بتایا کہ ان تجاویز سے ریاست بھر میں نئی فیکٹریوں اور دیگر صنعتی یونٹوں کے قیام میں مدد ملے گی۔ جائزے کی مدت کے دوران 17 ممالک کے سرمایہ کاروں نے تمل ناڈو حکومت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
بیان میں 35 معاہدوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے، حالانکہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان کا تعلق کس زمرے سے ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ عالمی ہنرمندی مراکز (گلوبل اسکل سینٹرز) کے ذریعے 5870 اعلیٰ مہارت والی ملازمتیں پیدا کی گئی ہیں۔ حکومت نے کہا کہ وہ معاہدوں پر دستخط ہونے کے بعد ہر منصوبے کی پیش رفت پر نظر رکھ رہی ہے۔ جن 83 منصوبوں کے لیے زمین کی دستیابی کی تصدیق ہو چکی ہے یا جو اس سے آگے کے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں، ان کی تعداد کل معاہدوں میں شامل منصوبوں کا 74.11 فیصد ہے۔ حکومت نے بتایا کہ 23 منصوبے سنگ بنیاد رکھنے کے مرحلے تک پہنچ چکے ہیں۔
ریاستی حکومت نے کمپنیوں کے لیے کاروباری سرگرمیاں شروع کرنا، آسان بنانے کی کوششوں کے تحت 21 ورکنگ دنوں کے اندر اجازت نامے جاری کرنے کا ایک طریقۂ کار شروع کیا ہے۔ کاروباری منظوری کے عمل میں تیزی لانے کے لیے ریاستی حکومت نے چیف سکریٹری کی صدارت میں ’تمل ناڈو سرمایہ کاری فروغ اتھارٹی‘ تشکیل دی ہے۔ حکومت نے بتایا کہ اس نے 11 شعبوں میں 25 سے زیادہ اصلاحات نافذ کی ہیں، تاکہ کمپنیوں کے لیے صنعتی سرگرمیاں شروع کرنے کے طریقۂ کار کو آسان بنایا جا سکے۔ حکومت نے کہا کہ وہ نئی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان منصوبوں کو بھی آگے بڑھانے میں مدد کرے گی، جن کے لیے پہلے ہی معاہدے ہو چکے ہیں۔ اس کا مقصد ریاست میں مزید صنعتی اداروں کا قیام عمل میں لانا اور سرمایہ کاری کے وعدوں کو روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔