شیموگہ، 21 نومبر (ایس او نیوز): افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (DR Congo) میں کرناٹک کی ہکّی پِکّی قبائلی برادری کے 95 افراد کو مقامی امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں شیموگہ ضلع کے ہکّی پِکّی کیمپ سے تعلق رکھنے والے 70 افراد اور داونگیرے ضلع کے چنّاگیری تعلقہ کے استاپن ہلّی گاؤں کے 25 افراد شامل ہیں۔ ان افراد کی ہندوستان واپسی کے لیے ملک بدری کا عمل شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ افراد تقریباً تین ماہ قبل روایتی جڑی بوٹیوں، آیورویدک ادویات اور طبی تیلوں کی تجارت کے لیے کانگو گئے تھے۔ وہ وہاں کے بینی اور کِسانگانی شہروں میں مقیم تھے، جہاں مقامی حکام نے انہیں حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں انہیں دارالحکومت کنشاسا منتقل کرکے امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا۔
اس معاملے میں مقامی ایجنٹوں پر قبائلی برادری کے افراد کو بیرون ملک کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ کرناٹک ہکّی پِکّی قبائلی تنظیم کے ریاستی صدر آر پُنیت کمار کے مطابق، مبینہ طور پر ایجنٹوں نے ہر شخص سے تقریباً پانچ لاکھ روپے وصول کیے تھے اور انہیں کاروباری ویزا فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
تاہم، اطلاعات کے مطابق، کاروباری ویزا کے بجائے انہیں تین ماہ کی مدت کے سیاحتی ویزے پر کانگو بھیجا گیا اور بعض افراد کو مبینہ طور پر جعلی دستاویزات بھی فراہم کی گئیں۔ سیاحتی ویزے پر کاروباری سرگرمیاں انجام دینے اور دستاویزات میں بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد کانگو کے حکام نے ان کے پاسپورٹ ضبط کرکے انہیں حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رقم وصول کرنے والے بعض ایجنٹ بھی اب غائب ہیں۔
پُنیت کمار نے تشویش ظاہر کی ہے کہ کانگو کے مختلف شہروں میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد افراد مزید موجود ہیں۔ 95 افراد کی گرفتاری کے بعد وہاں مقیم دیگر افراد کی سلامتی کے تعلق سے بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے کانگو میں پھنسے ہوئے افراد کی بحفاظت ہندوستان واپسی کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپیل کی ہے کہ ہندوستانی وزارت خارجہ اور کانگو میں ہندوستانی سفارتی حکام سے رابطہ کرکے گرفتار افراد کو ضروری قانونی اور سفارتی مدد فراہم کی جائے ۔