بھٹکل 17/نومبر (ایس او نیوز): تعلقہ کے وینکٹاپور علاقے کے کینڈیکوڈلو میں تیندوؤں کی مسلسل نقل و حرکت اور گھروں کے احاطوں میں داخل ہوکر پالتو جانوروں پر حملوں کے واقعات سے مقامی باشندوں میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق، گزشتہ چند ماہ سے تیندوے گھروں کے قریب پہنچ کر پالتو کتوں پر حملہ کرنے کے بعد انہیں زخمی کرکے فرار ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ گائے اور بچھڑوں پر بھی تیندوؤں کے حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ حال ہی میں علاقے میں شیر کی آواز سنائی دینے کی اطلاعات بھی مقامی باشندوں کی تشویش کا سبب بنی ہیں، تاہم اس کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
صورتحال یہ ہے کہ لوگ رات کے علاوہ دن کے وقت بھی گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ جنگلاتی محکمہ کے افسران کو متعدد مرتبہ اطلاع دینے کے باوجود تیندوؤں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
منگل کو بھی تیندوا مکان کے احاطے میں داخل ہوا
منگل کے روز بھی کینڈیکوڈلو میں تیندوا نظر آیا۔ اطلاعات کے مطابق، تیندوا نارائن لچمیا نائک کے مکان کے مویشی خانے میں داخل ہوا اور ایک بچھڑے کو اٹھاکر لے جانے کی کوشش کی۔ تاہم، کتوں کے مسلسل بھونکنے سے گھبرا کر تیندوا بچھڑے کو سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
صبح ہوتے ہی تیندوے کے حملے کی خبر آس پاس کے علاقوں میں پھیل گئی، جس کے بعد مقامی لوگوں نے جنگلاتی محکمہ کے افسران کو اس کی اطلاع دی۔
جنگلاتی افسران کا دورہ
واقعے کی اطلاع ملنے پر آر ایف او وشواناتھ نے محکمہ کے عملے کے ساتھ موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کینڈیکوڈلو کے باشندوں نے افسران کو گھیر کر علاقے میں تیندوؤں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر قابو پانے اور عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
آر ایف او وشواناتھ نے بتایا کہ کینڈیکوڈلو میں تیندوؤں کی نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطالبے کے مطابق آئندہ ایک دو دن میں علاقے میں پنجرہ نصب کرکے تیندوے کو پکڑنے کی کوشش کی جائے گی۔