کاروار ، 21 / نومبر (ایس او نیوز) کرناٹکا کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے سرکاری افسران کودیہی سڑکوں اور پنچایت کے تعمیری کاموں میں ہو رہی بدعنوانیوں پر روک لگانے کے ساتھ شفافیت اور معیار برقرار رکھنے کی سخت ہدایات جاری کیں ہیں ۔
وزیر اعلیٰ نے جو سخت رویہ اپنایا ہے اس نے عوامی حلقوں کا دھیان اپنی طرف مبذول کروایا ہے ۔ نئی ہدایات کے تحت کسی بھی سرکاری منصوبے پر کام شروع ہونے سے لے کر منصوبہ مکمل ہونے تک فوٹو اور ویڈیو گرافی اور جس جگہ کام ہو رہا ہے اس کے دستاویزات محفوظ کرنا اور پورے کام کی نگرانی کرنا ضروری ہوگا ۔
وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بتایا :" ہر ایک منصوبہ شروع کرنے سے پہلے اس مقام کا فوٹو اور ویڈیو بنا کر فائل کرنا ہوگا ۔ جس جگہ کام چل رہا ہوگا اس کے قریب ترین اہم مقامات [لینڈ مارکس] درج کرنے ہونگے ۔ کام مکمل ہونے پر فوٹو لینے ہونگے ۔ ٹینڈر کی کارروائی پوری کیے بغیر کوئی بھی کام نہیں کیا جا سکے گا ۔ تعمیراتی کام کے مراحل کی نگرانی خود وزیر اعلیٰ اپنے ڈیش بورڈ سے کریں گے ۔ افسران کی طرف سے کام کی جگہ پر جو معائنہ ہوگا اس کے فوٹو بھی مقامی اخبارات میں شائع کرنے ہونگے ۔ ہر ضلع اور پنچایت سطح پر وہاٹس ایپ گروپس بنا کر چل رہے کام کی تفصیلات اس میں نشر کرنا ہوگا ۔"
ریاستی حکومت کے اس اقدام سے اتر کنڑا کے عوام یہ سوچنے لگے ہیں کہ شاید اس طرح یہاں سرکاری تعمیراتی منصوبوں میں ہو رہی دھاندلیوں اور غیر معیاری کاموں، بار بار دہرائے جا رہے تعمیراتی کاموں اور فنڈ کے استعمال کے تعلق سے اٹھنے والے شبہات اور سوالات پر روک لگ سکے گی ۔
حالانکہ کسی بھی سرکاری منصوبے کے تعلق سے ٹینڈر، تخمینہ لاگت، تیکنیکی منظوری، معیار کی جانچ اور بلوں کی ادائیگی وغیرہ سے متعلقہ قوانین و ضوابط پہلے سے موجود ہیں ۔ لیکن عوامی حلقوں میں یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ بعض دفعہ سڑک اچھی حالت میں ہوتی ہے پھر بھی وہاں دوبارہ تعمیراتی کام شروع کیا جاتا ہے ۔ یا پھر کہیں کوئی کام ہی نہیں ہوتا اور فرضی بنا کر سرکاری خزانے سے وصولی کی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ منصوبوں کے لئے سرکار کی طرف سے جو فنڈ جاری ہوتے ہیں اس میں بھی ہیر پھیر کر لیا جاتا ہے ۔ ضوابط کی پابندی کرنے والے ٹھیکیداروں کے بل ادا کرنے میں تاخیر اور انتظامی طور پر انہیں ہراساں کرنا بھی سرکاری افسروں کا معمول بن چکا ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ایسے تمام الزامات ان کے علم میں آئے ہیں ۔ اب اس طرح کی بدعنوانیوں کے لئے گنجائش باقی نہیں رہے گی ۔