
کاروار، 10 ستمبر (ایس او نیوز) اُترکنڑا ضلع میں عوامی نظم و ضبط اور صوتی آلودگی پر قابو پانے کے مقصد سے ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے آئندہ حکم تک ڈی جے سسٹم، بیس بوسٹر، موبائل ڈی جے گاڑیوں اور 75 ڈیسیبل سے زیادہ آواز پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق یہ حکم صوتی آلودگی (ضابطہ و کنٹرول) قوانین 2000 اور بھارتی ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) 2023 کی دفعہ 163 کے تحت حاصل اختیارات کے استعمال کرتے ہوئے جاری کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ رہائشی علاقوں، سائلنٹ زونز، اسپتالوں، اسکولوں، عدالتوں اور مذہبی مقامات سے 100 میٹر کے دائرے میں آنے والے علاقوں، تنگ سڑکوں اور ٹریفک کی بھیڑ والے مقامات اور حساس علاقوں میں ڈی جے یا بلند آواز والے آلات کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک پورے ضلع میں ڈی جے اور زیادہ شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلع انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی عوامی پروگرام، جلوس یا تقریب کے منتظمین کو اگر ضرورت ہو تو محدود آواز والے ساؤنڈ سسٹم کے لیے پولیس محکمہ سے پیشگی تحریری اور مشروط اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے ساتھ صوتی آلودگی سے متعلق قوانین کی پابندی کا تحریری حلف نامہ بھی دینا ہوگا۔ حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں منتظمین کو ذاتی طور پر ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔