ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تنظیم کا بیرونِ ملک ووٹروں کے اہل خانہ کو SIR میں نمائندگی کی اجازت کا مطالبہ

بھٹکل تنظیم کا بیرونِ ملک ووٹروں کے اہل خانہ کو SIR میں نمائندگی کی اجازت کا مطالبہ

Fri, 04 Sep 2026 19:22:41    S O News
بھٹکل تنظیم کا بیرونِ ملک ووٹروں کے اہل خانہ کو SIR میں نمائندگی کی اجازت کا مطالبہ

بھٹکل، 4/ ستمبر (ایس او نیوز): سوسالہ قدیم سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے کرناٹک میں جاری خصوصی نظرثانیٔ ووٹر فہرست (SIR) کے دوران بیرونِ ملک یا ریاست سے باہر مقیم ووٹروں کی جانب سے ان کے بالغ اہل خانہ کو نوٹس کا جواب دینے اور ضروری دستاویزات جمع کرانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں کاروار پہنچ کر تنظیم کے ایک وفد نے اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر کے. لکشمی پریا سے ملاقات کی اور بتایا کہ روزگار، تعلیم اور دیگر وجوہات کی بنا پر بھٹکل کے بڑی تعداد میں ووٹر بیرونِ ملک یا کرناٹک سے باہر مقیم ہیں۔ ایسے ووٹروں کو SIR کے تحت نوٹس جاری ہونے کی صورت میں مقررہ مدت کے اندر خود حاضر ہوکر جواب دینے کے لیے کہا جارہا ہے، تاہم بیرونِ ملک ملازمت کرنے والے بھٹکل کے افراد کے لیے مقررہ مدت میں بھٹکل پہنچ کر متعلقہ دفاتر میں حاضر ہونا اور مطلوبہ دستاویزات پیش کرنا ممکن نہیں ہے۔

عزیز الرحمن نے تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے 27 اگست 2026 کو جاری کردہ ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بزرگ شہریوں، معذور افراد، بیمار افراد اور بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کی جانب سے 18 سال سے زیادہ عمر کے خاندان کے افراد کو ERO/AERO کے سامنے حاضر ہوکر ضروری دستاویزات اور جوابات جمع کرانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہی سہولت کرناٹک، بالخصوص بھٹکل کے ووٹروں کو بھی فراہم کی جائے۔

اس سلسلے میں تنظیم کی طرف سے تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کی نقل بھی ڈپٹی کمشنر کو پیش کی گئی اور متعلقہ مطالبات پر مشتمل میمورنڈم بھی دیا گیا۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرناٹک میں بھی اسی طرز کا انتظام نافذ کیا جائے، تاکہ بیرونِ ملک یا ریاست سے باہر مقیم ووٹروں کے بالغ اہل خانہ ان کی جانب سے SIR نوٹس کا جواب دے سکیں اور مطلوبہ دستاویزات جمع کراسکیں۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے جغرافیائی فاصلے کی وجہ سے کسی اہل ووٹر کو اپنے حقِ رائے دہی سے محروم ہونے کا خدشہ نہیں رہے گا اور تمام اہل ووٹروں کو منصفانہ اور مساوی موقع فراہم کیا جاسکے گا۔

ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے تنظیم کے وفد کو اس سلسلے میں ضروری اقدام کرنے کا یقین دلایا۔ وفد میں ایڈوکیٹ عمران لنکا، عبدالماجد رکن الدین، آدم پنمبور اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔


Share: