بھٹکل 10ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے قریب روشن محلہ کے ساحلی علاقے میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے دوران سمندر میں ڈوبنے سے 19 سالہ نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ متوفی کی شناخت تنصیف ابن ریاض ہوڈیکر کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق تنصیف بدھ کی دوپہر اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ بحرِ عرب میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے لیے سمندر میں گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مچھلیوں کے شکار کے دوران تنصیف اپنے ساتھیوں سے کچھ آگے نکل گیا اور سمندر میں جال ڈالنے کے دوران اچانک تیز سمندری موجوں کی زد میں آکر بہہ گیا۔ اس کے بعد وہ سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا۔
واقعے کے فوراً بعد تنصیف کی تلاش شروع کردی گئی تھی اور بدھ سے مسلسل تلاش جاری تھی۔ جمعرات کی دوپہر تقریباً 3 بجے تلاش کے دوران اس کی نعش سمندر سے برآمد کرلی گئی۔
اطلاع ملنے پر ہوناور پولیس موقع پر پہنچی اور نعش کو ہوناوراسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ تنصیف تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ وہ ہوناور کے ایک آئی ٹی آئی کالج میں زیر تعلیم تھا اور تعلیم کے ساتھ فارغ اوقات میں شوقیہ طور پر ماہی گیری بھی کرتا تھا۔ نوجوان کی اچانک موت سے اس کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ گھر والوں کے مطابق بعد نمازِ عشاء روشن محلہ مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی، جس کے بعد قریبی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔
اس سلسلے میں ہوناور پولیس تھانے میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے۔