ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب شیرور میں بے قابو لاری کی چار موٹر بائیکس کے بعد پولیس جیپ کو ٹکر، ایک ہلاک

بھٹکل کے قریب شیرور میں بے قابو لاری کی چار موٹر بائیکس کے بعد پولیس جیپ کو ٹکر، ایک ہلاک

Thu, 10 Sep 2026 13:59:24    S O News
بھٹکل کے قریب شیرور میں بے قابو لاری کی چار موٹر بائیکس کے بعد پولیس جیپ کو ٹکر، ایک ہلاک

بھٹکل 10/ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل سے قریب شیرور میں ایک لاری کے بے قابو ہوکر چار موٹر بائیکس اور پولیس کی پٹرولنگ جیپ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک 45 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

یہ حادثہ جمعرات کو بھٹکل سے تقریباً 15 کلومیٹر دور سرحدی ضلع اڈپی کے شیرور میں گرین ویلی اسکول کے قریب پیش آیا۔ مہلوک کی شناخت شیرور کے رہائشی ناگیندر مہالے  کے طور پر کی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق گرین ویلی اسکول کے قریب ڈھلوان پر ایک حادثے کا شکار سامان سے لدی لاری کو ہٹانے کا کام جاری تھا۔ اس کے پیش نظر ٹریفک روک دی گئی تھی اور گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم کرنے کے لیے سڑک پر بیریکیڈس لگائے گئے تھے۔ اس دوران ناگیندر مہالے سمیت کئی افراد سڑک کے کنارے کھڑے ہوکر جے سی بی کی مدد سے حادثے کا شکار لاری کو ہٹانے کا کام دیکھ رہے تھے۔

اسی دوران کیرالہ سے مہاراشٹرا کی جانب جانے والی ربڑ سے لدی ایک دوسری لاری ڈھلوان پر بے قابو ہوگئی۔ لاری نے سڑک کنارے پارک کی گئی چار موٹر بائیکس کو ٹکر ماری اور تین بائیکوں کو اپنے ساتھ گھسیٹتے ہوئے  پولیس کی پٹرولنگ جیپ سے جا ٹکرائی۔ اس دوران موٹر بائیکس کے قریب کھڑے ناگیندر مہالے بھی بے قابو لاری کی زد میں آگیااور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

حادثے کے سلسلے میں بیندور پولیس تھانے میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔

Click here for report in English


Share: