اُڈپی، 23 نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع اُڈپی میں کاپو ساحل پر اتوار کی شام سمندر کی تیز لہروں اور پانی کے شدید بہاؤ کی زد میں آکر لاپتہ ہونے والے دو نوجوانوں میں سے ایک کی لاش پیر کی صبح برآمد کرلی گئی، جبکہ دوسرے نوجوان کی تلاش جاری ہے۔
مہلوک کی شناخت ضلع شموگہ کے ہوسانگر تعلقہ کے ماوین کوپا گاؤں کے رہائشی الطاف کے فرزند سمیر (20) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ لاپتہ دوسرے نوجوان کی شناخت ضلع داونگیرے کے احمدی نگر کے رہائشی ضیاء اللہ کے فرزند ملک ریحان (15) کے طور پر ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ داونگیرے سے تقریباً 10 سے 12 افراد پر مشتمل ایک خاندان تفریح کے لیے اُڈپی آیا ہوا تھا۔ اتوار کی شام تقریباً 4:30 بجے خاندان کے پانچ نوجوان کاپو ساحل پر سمندر میں نہانے اور کھیلنے کے لیے اترے تھے۔ اسی دوران سمندر کی تیز لہروں اور پانی کے شدید بہاؤ نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ان میں سے دو نوجوان کسی طرح تیر کر کنارے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ دیگر تین ڈوبنے لگے۔

واقعے کو دیکھتے ہی ساحل پر موجود مقامی افراد اور لائف گارڈ عملے نے فوری بچاؤ کارروائی شروع کی اور ایک نوجوان محمد اسحاق کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ اسے علاج کے لیے اُڈپی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم سمیر اور ملک ریحان سمندر میں لاپتہ ہوگئے۔ (اس کی رپورٹ ساحل آن لائن پر اتوار کو ہی شائع ہوچکی ہے)
دونوں نوجوانوں کی تلاش کے لیے اتوار شام سے ہی کارروائی جاری تھی۔ پیر کی صبح سمیر کی لاش برآمد کرلی گئی، جبکہ ملک ریحان کی تلاش کے لیے ساحلی حفاظتی دستے، لائف گارڈ عملے اور دیگر امدادی اہلکاروں کی کارروائی جاری ہے۔۔