ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مغربی بنگال میں ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے خلاف درخواستیں سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

مغربی بنگال میں ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے خلاف درخواستیں سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

Mon, 23 Nov 2026 11:59:34    S O News

نئی دہلی 23/نومبر (ایس او نیوز): مغربی بنگال میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے خلاف دائر درخواستوں پر سپریم کورٹ میں پیر کو سماعت مقرر ہے۔ ان درخواستوں میں سابق وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ ڈیرک اوبرائن اور ڈولا سین سمیت دیگر رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے نظرثانی کے طریقۂ کار کو چیلنج کیا ہے۔

چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل تین رکنی بنچ ان درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ SIR کے دوران بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے حذف کیے گئے ہیں اور دستاویزات کی جانچ کے عمل میں شفافیت اور مناسب قانونی طریقۂ کار کو یقینی نہیں بنایا گیا۔ ان کا خدشہ ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں اہل شہری بھی اپنے حق رائے دہی سے محروم ہوسکتے ہیں۔

سپریم کورٹ آبزرور کی 11 نومبر تک کی تفصیلات کے مطابق مغربی بنگال میں نظرثانی کے دوران تقریباً 83.9 لاکھ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے، جو ریاست کی سابقہ انتخابی فہرست کا تقریباً 10.9 فیصد ہے۔ دوسری جانب ناموں کے اخراج کے خلاف اپیلوں کی بڑی تعداد بھی زیر التوا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ستمبر میں عدالت میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق 38,20,683 اپیلیں دائر کی گئی تھیں، جن میں سے صرف 1,02,231 پر فیصلہ ہوسکا تھا۔

ادھر کانگریس رہنما راہل گاندھی اور انڈیا اتحاد کے دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی الیکشن کمیشن سے SIR کے فیصلے، اس کی منظوری، کمیشن کے ارکان کے درمیان مبینہ اختلافات اور ووٹر رجسٹریشن کے نظام میں تبدیلیوں سے متعلق 48 سوالات کے جواب حلف ناموں کے ذریعے طلب کرنے کی درخواست دی ہے۔ درخواست گزاروں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور دیگر الیکشن کمشنروں سے انفرادی طور پر جواب طلب کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے اگلی سماعت 9 دسمبر کو مقرر کی ہے۔


Share: