ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کا مودی حکومت پر انتقامی سیاست کا الزام، استعفیٰ دینے سے انکار

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کا مودی حکومت پر انتقامی سیاست کا الزام، استعفیٰ دینے سے انکار

Tue, 24 Sep 2024 19:07:45    S.O. News Service

بنگلورو،24/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے منگل کے روز نریندر مودی کی قیادت میں قائم ہونے والی این ڈی اے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ریاستی حکومتوں کے خلاف انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے عہدے سے استعفیٰ دینے کے مطالبے کو بھی رد کر دیا، جو ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں گورنر کی جانب سے مقدمہ چلانے کی منظوری کو سدارامیا نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، مگر عدالت نے ان کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ سدارامیا نے اس صورت حال کو سیاسی سازش قرار دیتے ہوئے اپنے موقف میں استقامت کا اظہار کیا۔

یہ معاملہ میسور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی زمین الاٹمنٹ سے متعلق ہے۔ سدارامیا نے اپوزیشن پر ان کے اور ان کی حکومت کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ان سازشوں کا سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مزید قانونی لڑائی کا فیصلہ کریں گے۔ لیکن اس کے لیے وہ قانونی ماہرین اور پارٹی رہنماؤں سے مشورہ لیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

اس سے قبل ہائی کورٹ نے ان کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا، جس میں انہوں نے گورنر کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری کو چیلنج کیا تھا۔ عدالتی حکم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کا حکم صرف تحقیقات کی منظوری سے متعلق ہے۔ یہ تعزیری حکم نہیں ہے۔ سدارامیا نے اپوزیشن لیڈروں سے پوچھا، میں استعفیٰ کیوں دوں؟ کیا کمار سوامی نے استعفیٰ دے دیا ہے؟ وہ ضمانت پر ہیں، ان سے بھی پوچھ لیں۔ تحقیقات کے مرحلے پر استعفیٰ کیوں طلب کیا جا رہا ہے؟ میں اس کا جواب دوں گا۔ ہم ان کا سیاسی طور پر سامنا کریں گے، کیونکہ یہ ایک سازش ہے۔

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قانونی ماہرین، وزراء اور ریاستی پارٹی صدر سے ملاقات کریں گے تاکہ اگلے قدم کا فیصلہ کیا جا سکے۔ چیف منسٹر نے بی جے پی اور جے ڈی (ایس) پر سازش اور راج بھون کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان کے ساتھ ہے اس لیے انہیں کوئی خوف نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، تمام وزراء، نائب وزیر اعلیٰ، ایم ایل اے، پارٹی لیڈر اور کارکنان میرے ساتھ ہیں۔ ہائی کمان میری قانونی لڑائی میں تعاون کرے گی۔

سدارامیا نے الزام لگایا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نہ صرف میرے خلاف بلکہ ملک بھر کی اپوزیشن ریاستی حکومتوں کے خلاف انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اور جے ڈی (ایس) کرناٹک کے عوام کے مینڈیٹ پر کبھی اقتدار میں نہیں آئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے ان کی حکومت کو گرانے کے لیے پیسے کی طاقت کا استعمال کیا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی نے بھی ان کے ایم ایل اے کو پیسے دے کر خریدنے کی کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ بی جے پی غریبوں اور سماجی انصاف کے خلاف ہے۔


Share: