نئی دہلی، 16/نئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول سربراہ ممتا بنرجی نے منگل کی شام صدارتی انتخابات کو لے کر کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد ممتا بنرجی نے کہاکہ صدارتی انتخابات اور کچھ دیگر اہم معاملات پر بات چیت ہوئی، اگرچہ ممتا نے یہ بھی کہا کہ فی الحال صدر کے لئے اپوزیشن کی جانب سے کسی نام پر بحث نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی امیدوار کا فیصلہ کرنے کے لئے اگلے 10 دنوں میں دوبارہ ملاقات ہو گی جس میں طے کیا جائے گا کہ امیدوار کون ہوگا۔اس سے پہلے کانگریس صدر سونیا گاندھی دہلی کے سر گنگارام ہسپتال میں داخل ہونے کے دوران ممتا بنرجی نے ان سے فون پر بات کی تھی۔ وہیں سونیا نے انہیں ملاقات کے لئے دہلی بلایا تھا۔ اس کے بعد پیر کو ممتا دہلی آئی تھیں۔ ممتا نے دہلی کے دورے کے دوران دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال، کانگریس نائب صدر راہل گاندھی اور حزب اختلاف کے کچھ دیگر لیڈران سے بھی ملاقات کی۔ممتا اور سونیا گاندھی کی ملاقات سے پہلے کانگریس مواصلات محکمہ کے سربراہ رندپ سنگھ سرجیوالا نے کہا کہ صدر کے لئے ہونے والے انتخابات میں کانگریس اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرکے اتفاق سے اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی۔
قابل ذکر ہے کہ صدر امیدوار پیش کرنے کے حزب اختلاف کے مشن کی سونیا گاندھی کی قیادت کر رہی ہیں۔ صدارتی انتخابات پر اپوزیشن کی حکمت عملی کے لحاظ سے سونیا اور ممتا کی ملاقات بے حد اہم مانی جا رہی ہے، اگرچہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ممتا صدر پرنب مکھرجی کو ایک اورمدت دینے کے لئے زیادہ پرجوش ہیں۔ یہ بات الگ ہے کہ مغربی بنگال کی سیاست میں اپوزیشن کی صفوں میں شامل کانگریس مسلسل ہر محاذ پر ممتا کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ کانگریس ہی نہیں سی پی ایم بھی ممتا کی مخالفت کر رہی ہے۔اگر صدر کے لیے انتخابات ہوتا ہے تو امکان ہے کہ حکومت آسانی سے جیت سکتی ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی سے پہلے فون اور بات کرنے اور میٹنگ کی تاریخ طے کرنے سے پہلے کانگریس صدر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار سے ملاقات کر چکی ہیں۔ امید ہے کہ سونیا اس معاملے میں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی حمایت حاصل کر سکتی ہیں۔حال ہی میں مدھو لمیے کی جینتی کے موقع پر 9 اپوزیشن پارٹی ایک پلیٹ فارم پر ساتھ نظر آئے تھے اور بی جے پی سے مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ کانگریس کے علاوہ جنتا دل (یو)، سی پی ایم، سی پی آئی، این سی پی، جنتا دل (ایس)، سوشلسٹ پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے لیڈر اس کانفرنس میں شامل ہوئے۔ زیادہ تر لیڈران کا خیال ہے کہ آئندہ صدارتی انتخابات اپوزیشن کے اتحاد کا پہلا مرحلہ مانا جائے اور اسے لے کر ہی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔