ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں قرعہ اندازی کے ذریعے رمضان باکڑوں کی تقسیم؛ 36 باکڑوں کے لئے 1359 درخواستیں

بھٹکل میں قرعہ اندازی کے ذریعے رمضان باکڑوں کی تقسیم؛ 36 باکڑوں کے لئے 1359 درخواستیں

Tue, 10 Mar 2026 17:12:42    S O News
بھٹکل میں قرعہ اندازی کے ذریعے رمضان باکڑوں کی تقسیم؛ 36 باکڑوں کے لئے 1359 درخواستیں

بھٹکل 10/مارچ (ایس او نیوز): عیدالفطر میں اب بمشکل دس دن باقی رہ گئے ہیں اور شہر میں عید کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی سلسلے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی بھٹکل میونسپلٹی کی جانب سے اولڈ بس اسٹینڈ سے ماری کٹہ مارکیٹ تک سڑک کے کنارے عارضی دکانوں (باکڑوں) کی تنصیب کے لئے جگہیں الاٹ کی گئیں، جہاں عید کی خریداری کے لئے کپڑے، جوتے اور دیگر ضروری اشیاء نسبتاً کم قیمت پر فروخت کی جاتی ہیں۔

bhatkal-tmc-lots-3.jpg

ان باکڑوں کی تقسیم کے لئے قرعہ اندازی کی تقریب انجمن گراؤنڈ میں منعقد کی گئی، جس میں خواتین سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔ میونسپل چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا نے بتایا کہ سڑک کے کنارے مجموعی طور پر 37 باکڑوں کے لئے جگہوں کی نشاندہی کی گئی تھی، جن میں سے ایک باکڑا حفاظتی انتظامات کے پیش نظر پولیس کے لئے مختص کیا گیا ہے، جبکہ 36 باکڑوں کو عوام کے درمیان قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیا گیا۔ ان میں سے ایک باکڑا معذور افراد کے لئے مخصوص رکھا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان باکڑوں کے حصول کے لئے اس مرتبہ مجموعی طور پر 1359 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ہر باکڑے کا کرایہ صفائی کے ایک ہزار روپے سمیت مجموعی طور پر چھ ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میونسپلٹی کی جانب سے درخواست فارم کے لئے 200 روپے فیس وصول کی گئی۔

قرعہ اندازی کے دوران تمام 1359 درخواستوں کی چٹیاں ایک باکس میں ڈال کر چھوٹے بچوں کے ذریعے ایک ایک چٹ نکلوائی گئی، اور جن درخواست گزاروں کے نام نکلے ان کا موقع پر اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر میونسپلٹی کے سابق نائب صدر محی الدین الطاف کھروری، کونسلر امشاد مختصر اور سماجی کارکن نثار ٹاپ بھی موجود تھے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پی ایس آئی نوین کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم بھی موقع پر تعینات تھی۔

bhatkal-tmc-lots-4.jpg

Click here for report in English


Share: