ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / امریکہ۔اسرائیل کا ایران پر مشترکہ حملہ پانچویں روز میں داخل؛ ابوظہبی اور دبئی میں امریکی سفارتی دفاتر بند، پاسپورٹ اور ویزا خدمات معطل

امریکہ۔اسرائیل کا ایران پر مشترکہ حملہ پانچویں روز میں داخل؛ ابوظہبی اور دبئی میں امریکی سفارتی دفاتر بند، پاسپورٹ اور ویزا خدمات معطل

Wed, 04 Mar 2026 16:32:01    S O News
امریکہ۔اسرائیل کا ایران پر مشترکہ حملہ پانچویں روز میں داخل؛ ابوظہبی اور دبئی میں امریکی سفارتی دفاتر بند، پاسپورٹ اور ویزا خدمات معطل

دبئی، 4 مارچ (ایس او نیوز/گلف نیوز/ایجنسیاں) مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جاری مشترکہ حملے پانچویں روز میں داخل ہو گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ ایران کی طرف سے کویت اور سعودی عرب میں قائم امریکی سفارت خانوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات کے بعد دبئی میں امریکی قونصل خانے پر بھی ڈرون حملہ کیے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر دبئی اور ابوظہبی میں قائم امریکی سفارتی دفاتر کو تاحکمِ ثانی بند کر دیا گیا ہے۔ امریکی سفارت خانے نے بدھ کے روز جاری بیان میں کہا کہ موجودہ سکیورٹی حالات کے باعث سفارت خانہ اور قونصل خانہ عوام کے لیے بند رہیں گے اور کسی بھی قسم کی قونصلر خدمات فراہم نہیں کی جائیں گی۔

دوسری جانب اسرائیل نے ایران کے مختلف علاقوں میں اپنی فضائی کارروائیاں جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے، جبکہ امریکہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس جاری تنازع کے دوران اس کے فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔علاقائی ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے مختلف امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات کے بعد سکیورٹی خدشات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں امریکی سفارتی مشنز نے احتیاطی اقدامات کے تحت اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

امریکی سفارتی مشن نے اپنے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی وجہ سے سفارت خانے یا قونصل خانے کا رخ نہ کریں اور کسی ہنگامی صورتحال میں فراہم کردہ رابطہ نمبروں کے ذریعے ہی رابطہ قائم کریں۔

دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب آگ، جانی نقصان کی اطلاع نہیں
بدھ کے روز دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متحدہ عرب امارات کے حکام کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے سیکڑوں میزائلوں اور ڈرونز کو اب تک فضا میں ہی تباہ یا ناکام بنایا جا چکا ہے۔

سعودی عرب میں راس تنورہ آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نےراس تنور آئیل ریفائنری پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنانے کی جانکاری دی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ابتدائی جائزے میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام حفاظتی اور آپریشنل اقدامات مکمل طور پر فعال ہیں۔

ایڈیڈاس اسٹور پر بم حملہ، سی ای او کی تصدیق
ایڈیڈاس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بیورن گلڈن نے بدھ کے روز بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کمپنی کے ایک اسٹور پر بم حملہ کیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گلڈن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ “ہمارے لوگ اس وقت شیلٹرز میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔”

کویت میں میزائل اور ڈرون حملے
کویتی فوج نے ایک سرکاری بیان میں کہا ہے کہ ایران نے بدھ کے روز کویت پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ملک کی جانب بڑھنے والی میزائلوں اور ڈرونز کی ایک نئی لہر کو فضا میں ہی روکنے میں کامیابی حاصل کی۔

خلیج میں ایران کے متعدد میزائل اور ڈرون حملے
ایران نے کویت، عراق، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خطے کے مختلف مقامات پر میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک بڑی لہر بھیجی ہے۔ ایرانی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے مطابق یہ حملے پہلے سے زیادہ طاقتور ہیں اور امریکی تنصیبات و اتحادی مقامات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

کئی خلیجی ممالک میں دھماکوں اور فضائی خطرات کی اطلاعات
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جوابی کارروائیوں کے دوران میزائلوں اور ڈرونز نے خلیجی ریاستوں کی فضائی حدود کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر سائرن بجنے اور فضائی خطرات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

ایران کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ
ایرانی انقلابی گارڈ کور نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز پر “مکمل کنٹرول” حاصل کر لیا ہے، جو عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔ اس دعوے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ایران کے پاس اب بھی میزائل داغنے کی نمایاں صلاحیت موجود
اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے کہا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی اسرائیل پر میزائل داغنے کی نمایاں صلاحیت موجود ہے، اگرچہ درجنوں میزائل لانچرز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایران میں میزائل لانچرز کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے تاکہ حملوں کی شدت کم کی جا سکے، تاہم دفاعی نظام ناقابلِ تسخیر نہیں ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کے شہر اصفہان میں بیلسٹک میزائلوں — جن میں قدر میزائل بھی شامل ہیں — کے ذخیرہ، تیاری اور لانچنگ کی ایک اہم تنصیب کو راتوں رات نشانہ بنایا گیا ہے۔

دشمنوں کی مدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: ایرانی عدلیہ
ایران کی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای نے خبردار کیا ہے کہ جنگی حالات کے پیش نظر جو بھی افراد دشمن کے مفادات کے مطابق کسی بھی نوعیت کی مدد کریں گے، ان کے خلاف فیصلہ کن اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایرانی عدلیہ کے آن لائن پورٹل کے مطابق انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسے عناصر کو موجودہ قوانین اور ضوابط کے تحت سخت ترین سزائیں دی جائیں گی۔

حزب اللہ کا اسرائیلی فضائی صنعت کے ہیڈکوارٹر پر ڈرون حملے کا دعویٰ
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے وسطی اسرائیل میں واقع  اسرائیل ائیرواسپیس انڈسٹریس کے ہیڈکوارٹر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔  بیان کے مطابق بدھ کی علی الصبح دو بجے حملہ آور ڈرونز کے ذریعے یہ کارروائی کی گئی، جسے اسرائیل کی جانب سے لبنان کے درجنوں شہروں اور قصبوں پر حملوں کا جواب قرار دیا گیا۔ ایک علیحدہ بیان میں حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں ایک ڈرون کنٹرول بیس پر گائیڈڈ میزائل سے حملے کا بھی دعویٰ کیا۔

عالمی ردعمل – روس اور چین نے تحفظات کا اظہار کیا
روس اور چین نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، اور اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملے بند کرے۔

خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار
امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائیوں، ایران کی ممکنہ جوابی حکمتِ عملی، خلیجی ممالک میں بڑھتے سکیورٹی خدشات اور ایران نواز گروہوں کی سرگرمیوں نے پورے خطے کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ عالمی برادری کی نظریں آئندہ چند دنوں کی پیش رفت پر مرکوز ہیں، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ پر مرتب ہو سکتے ہیں۔


Share: