ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دکشن کنڑا میں لوک عدالت کے ذریعے نپٹائے جائیں گے التوا میں پڑے ہوئے 3000 معاملے

دکشن کنڑا میں لوک عدالت کے ذریعے نپٹائے جائیں گے التوا میں پڑے ہوئے 3000 معاملے

Tue, 10 Mar 2026 13:03:13    S O News

منگلورو ، 10 / مارچ (ایس او  نیوز) دکشن کنڑا کی عدالتوں میں فی الوقت 57 ہزار سے زائد فوجداری اور دیوانی معاملے میں التوا میں پڑے ہوئے ہیں ۔ ان میں سے 3000 معاملوں کو ضلع کی مختلف عدالتوں میں 14 مارچ کو منعقد ہونے والی نیشنل لوک عدالت میں حل کرنے کے لئے نشان زد کیا گیا ہے ۔
    
ڈسٹرکٹ پرنسپال ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور دکشن کنڑا  لیگل سروس اتھاریٹی کے چیرمین  بسوا راج نے منگلورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے عدالتوں میں چل رہی لوک عدالت کی کارروائیوں میں 220 معاملے نپٹائے جائیں گے جبکہ جنوری سے چلائی گئی خصوصی مہم کے ذریعے 126 معاملے حل کیے گئے ہیں ۔
    
انہوں نے بتایا کہ ضلع کی 46 عدالتوں اور ڈسٹرکٹ کمزیومر ڈسپیوٹس ریڈرسل کمیشن کے احاطوں میں لوک عدالت منعقد ہوگی ۔ جہاں موٹر گاڑیوں کے حادثات سے متعلقہ دعوے، چیک باونس، غیر قانونی طور پر ریت نکالے کے معاملے، بقایا قرضہ جات کی وصولی، پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی، مزدوروں سے متعلقہ تنازعات، ٹریفک سے متعلقہ جرمانے جیسے معاملے حل کیے جائیں گے ۔ 
    
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال 13 دسمبر کو منعقد کی گئی نیشنل لوک عدالت میں وکلاء اور عدالتی افسران کے تعاون سے 3499 التوا میں پڑے ہوئے تنازعات کو حل کیا گیا تھا ۔ تصفیہ کی گئی رقم 32.54 کروڑ روپے تھی ۔ جبکہ پری لٹیگیشن درجے کے 2.94 لاکھ معاملے حل کیے گئے اور تصفیہ کی رقم کا اندازہ 102.94 کروڑ روپے لگایا گیا تھا ۔ 


Share: