ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے خلاف چارج شیٹ دائر

سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے خلاف چارج شیٹ دائر

Thu, 27 Jun 2024 19:53:21    S.O. News Service

بنگلور و، 27/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے خلاف کریمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی)، نے چارج شیٹ داخل کردیا ہے۔ سی آئی ڈی یڈی یورپا کے خلاف چھیڑ چھاڑ کے الزامات کی جانچ کر رہی ہے۔ سی آئی ڈی نے جمعرات کو پاکسو کیسوں کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ اس سال مارچ میں سداشیو نگر پولیس نے سینئر بی جے پی لیڈر کے خلاف چھیڑ چھاڑ کا معاملہ درج کیا تھا۔

اس کے بعد ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آلوک موہن نے کیس کو مزید تفتیش کے لیے سی آئی ڈی کو سونپنے کا حکم جاری کیا تھا۔ یہ مقدمہ ایک نابالغ لڑکی (17 سال) کی ماں کی شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا۔ اس نے الزام لگایا تھا کہ یڈی یورپا نے اس سال 2 فروری کو یہاں ڈالرس کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ کے دوران ان کی بیٹی سے چھیڑ چھاڑ کی۔

تاہم یڈی یورپا نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خلاف سازش کرنے والوں کو سبق سکھائیں گے۔ خاتون، جس نے یڈی یورپا کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سے یہاں کے ایک نجی اسپتال میں گزشتہ ماہ فوت ہوگئی۔ سی آئی ڈی نے اس معاملے میں 17 جون کو یدی یورپا سے تقریباً تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ اس سے پہلے کرناٹک ہائی کورٹ نے سی آئی ڈی کو اس معاملے میں یڈی یورپا کی گرفتاری روکنے کا حکم دیا تھا۔


Share: