بھٹکل، 11 ستمبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے SIR-2026 (Special Intensive Revision) کے تحت جاری نوٹسوں کی کارروائی کے سلسلے میں بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کو بڑی راحت دیتے ہوئے انہیں خود ذاتی طور پر پیش ہونے کے بجائے اپنی جانب سے کسی بھی بالغ اہلِ خانہ کو متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ERO) یا اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (AERO) کے سامنے پیش ہونے اور متعلقہ ووٹر کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات یا معلومات جمع کرانے کی اجازت دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بیرونِ ملک مقیم ووٹروں کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں، معذور افراد اور بیمار ووٹروں کے لیے بھی یہ اہم سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
11 ستمبر 2026 کو جاری میمو کے مطابق، چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے ریاست کے تمام ضلعی انتخابی افسران، ڈپٹی کمشنروں، گریٹر بنگلورو اتھارٹی (GBA) اور بنگلورو سٹی کارپوریشن کے متعلقہ انتخابی افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے ماتحت EROs اور AEROs کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کریں۔
میمو میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ سہولت Senior Citizens، Persons with Disabilities (PwD)، بیمار افراد اور Overseas Electors کو جاری کیے گئے SIR نوٹسوں کی کارروائی مکمل کرنے کے لیے دی گئی ہے، تاکہ ایسے افراد کو خود ERO/AERO کے دفتر پہنچنے میں پیش آنے والی دشواریوں سے بچایا جاسکے۔
اس کے علاوہ EROs اور AEROs کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ہفتہ وار منعقد ہونے والی سیاسی جماعتوں کی میٹنگوں کے دوران نوٹس جاری کرنے اور ان کی کارروائی مکمل کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کریں۔
یہ میمو جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر، DPAR (Elections)، ایس. یوگیشورا کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ میمو میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے 14 مئی 2026 کے خط کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ میمو کے مطابق ریاست کے تمام 224 اسمبلی حلقوں کے EROs اور AEROs کو بھی اس ہدایت سے آگاہ کیا گیا ہے۔