شاہ سلمان ایشیائی ممالک کے دورے میں آج چین پہنچ رہے ہیں
دبئی 15 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سعودی فرماں روا ایشیائی ممالک کے تاریخی دورے میں آج اپنی پانچویں منزل چین پہنچ رہے ہیں۔اس سے قبل شاہ سلمان نے اپنے دورہ جاپان کا اختتام سعودی جاپانی ویڑن 2030 کے فورم میں شرکت کے ساتھ کیا۔ فورم میں ویڑن 2030 میں شامل پروگراموں پر عمل درامد کو یقینی بنانے کے طریقہ کار اور سعودی عرب اور جاپان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں تعاون کو زیر بحث لایا گیا۔علاوہ ازیں سعودی فرماں روا کو جاپانی شہنشاہ کی جانب سے ظہرانے کے موقع پر جاپان کا معروف اعلی ترین تمغہ دیا گیا۔اس سے قبل سعودی عرب اور جاپان کے درمیان تعاون کی یادداشتوں اور پروگرام پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور جاپانی وزیراعظم بھی موجود تھے۔