مسجد نبوی کے قریب دھماکے اسلام کے قلب پرحملہ ہے:پاکستانی سینٹ
پاکستان میں سعودی عرب سے یکجہتی کے لیے ملک گیر تحریک کا اعلان
اسلام آباد23جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے ایوان بالا(سینٹ)میں سعودی عرب میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت میں ایک قراردادمنظورکی گئی۔ ایوان میں پیش کی گئی قرارداد کی تمام ارکان کی جانب سے متفقہ طورپرحمایت کی گئی۔ قراردادمیں رمضان المبارک کے آخری ایام میں مدینہ منورہ میں مسجدنبوی کے قریب دہشت گردانہ کارروائیوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی۔قراردادمیں کہاگیا ہے کہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب دہشت گردی کاواقعہ اسلام کے قلب پرحملے کے مترادف ہے۔ دہشت گردی کا کوئی دین ومذہب نہیں۔ اسلام اس طرح کے واقعات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی ہرصنف کے خلاف پوری قوت سے جنگ کی تقلین کرتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ مدینہ منورہ اور سعودی عرب میں دیگر مقدس مقامات پر حملے شعائر اسلام پرحملوں کے متراف ہیں۔ پاکستانی قوم اورپوری مسلم امہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ادھر دوسری جانب پاکستان میں مرکزی جمعیت اہل حدیث نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ لاھور میں جمعیت اہل حدیث کے مرکزمیں منعقدہ اجلاس میں جماعت کے امیر پروفیسر ساجد میر کی قیادت میں سعودی عرب کی حمایت میں ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیاگیا۔اجلاس میں سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور پاکستانی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاض کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔