ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: سمندرمیں ڈوبنے سے بچائے گئے نوجوان کی نعش درخت سے لٹکتی پائی گئی؛ خودکشی کا شبہ

بھٹکل: سمندرمیں ڈوبنے سے بچائے گئے نوجوان کی نعش درخت سے لٹکتی پائی گئی؛ خودکشی کا شبہ

Mon, 05 Jan 2026 23:07:17    S O News
بھٹکل: سمندرمیں ڈوبنے سے بچائے گئے نوجوان کی نعش درخت سے لٹکتی پائی گئی؛ خودکشی کا شبہ

بھٹکل، 5 جنوری (ایس او نیوز): تعلقہ کے سیاحتی مقام مرڈیشور میں جمعہ کے روز سمندر میں غرق ہونے سے جس نوجوان کو بچا لیا گیا تھا، معلوم ہوا ہے کہ اُس نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی ہے۔

مرڈیشور پولیس کے مطابق بیلگام ضلع کے سوموار پیٹ، گوکاک کے رہائشی 28 سالہ پرساد چندرکانت کولی کی نعش مرڈیشور کے ایک ہوٹل کے عقب میں واقع درخت سے لٹکتی ہوئی حالت میں پائی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ مرڈیشور کے ایک مقامی شخص نے ایک نامعلوم نوجوان کی نعش درخت سے لٹکتی دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس جب موقع پر پہنچی اور نعش کو نیچے اُتارا تو تصدیق ہوئی کہ یہ وہی نوجوان ہے جسے جمعہ کے روز سمندر میں ڈوبنے سے بچایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز اس نوجوان کو مرڈیشور کے بحرِعرب میں غرق ہوتے دیکھ کر اوشین ایڈونچر کے عملے اور لائف گارڈ اہلکاروں نے بروقت اور مستعد کارروائی کرتے ہوئے واٹر بائیک کے ذریعے سمندر میں داخل ہو کر نوجوان کی جان بچائی تھی اور اسے بحفاظت کنارے تک پہنچایا تھا۔ تاہم آج اس کی نعش درخت سے لٹکتی ہوئی پائے جانے کے بعد شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متعلقہ شخص پرساد نے پہلے سمندر میں کود کر اپنی جان دینے کی کوشش کی ہوگی، اور جب اسے ڈوبنے سے بچا لیا گیا تو اس نے درخت سے لٹک کرخودکشی کرلی ہوگی۔

مرڈیشور پولیس کے مطابق نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مرڈیشور پولیس تھانہ میں معاملہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

اس خبر سے متعلق پہلے شائع شدہ رپورٹ:
بھٹکل: مرڈیشور سمندر میں پھنسے نوجوان کو بروقت پہنچی مدد، بچ گئی جان

Click here to Watch video news


Share: