ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سعودی عرب میں پروازوں کی منسوخی سے عمرہ زائرین پریشان؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ نے بھٹکلی فیملی کو پہنچائی راحت

سعودی عرب میں پروازوں کی منسوخی سے عمرہ زائرین پریشان؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ نے بھٹکلی فیملی کو پہنچائی راحت

Thu, 22 Oct 2026 15:05:04    S O News
سعودی عرب میں پروازوں کی منسوخی سے عمرہ زائرین پریشان؛ بھٹکل کمیونٹی جدہ نے بھٹکلی فیملی کو پہنچائی راحت

بھٹکل 22/اکتوبر(ایس او نیوز): سعودی عرب میں پروازوں کی منسوخی کے باعث عمرہ زائرین کو پیش آنے والی دشواریوں کے درمیان بھٹکل کمیونٹی جدہ کے ذمہ داران نے بھٹکل کی ایک پریشان حال فیملی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد فیملی نے راحت کی سانس لی۔

تفصیلات کے مطابق، بھٹکل مدینہ کالونی  کی تین خواتین اورایک نوجوان پر مشتمل چار رکنی فیملی 15 روزہ عمرہ پیکیج کے تحت بنگلورو سے سعودی عرب پہنچی تھی۔ عمرہ کی ادائیگی کے بعد انہیں واپس بنگلورو روانہ ہونا تھا، تاہم جدہ سے پرواز منسوخ ہونے کے بعد انہیں مکہ سے تقریباً 1,200 کلومیٹر دور واقع القیصومہ–حفر الباطن انٹرنیشنل ایئرپورٹ لے جایا گیا۔ وہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ متعلقہ پرواز بھی منسوخ ہوچکی ہے، جس کے بعد سعودی ایئرلائن نے انہیں پرواز کے ذریعے واپس جدہ پہنچایا، جہاں ایئرلائن کی جانب سے ان کے قیام کا انتظام ایک ہوٹل میں کیا گیا۔

کمیونٹی کے رکن عبدالسلام دامدابو کے مطابق، فیملی میں شامل ایک خاتون وہیل چیئراستعمال کرتی ہیں اور طویل مسافت بذریعہ سڑک طے کرنے سے قاصر تھیں، جس کی وجہ سے بار بار سفر اور پروازوں کی منسوخی نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا۔

بھٹکل کمیونٹی جدہ کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں فیملی کے نوجوان عبیر گوائی  نے بتایا کہ وہ مکہ سے رات تقریباً 9 بجے کار کے ذریعے روانہ ہوئے تھے اور اگلے روز صبح 10 بجے القیصومہ ایئرپورٹ پہنچے، جہاں پرواز منسوخ ہونے کی اطلاع ملی۔ بعد ازاں انہیں سعودی ایئرلائن کی پرواز سے واپس جدہ لایا گیا۔ فیملی بدھ کی دوپہر تقریباً 2 بجے جدہ ایئرپورٹ پہنچی، جہاں سے انہیں ہوٹل منتقل کردیا گیا۔

اس دوران فیملی کی پریشانی سے متعلق ایک پیغام ہندوستان میں اہل خانہ اور دوست احباب کے درمیان واٹس ایپ پر وائرل ہوگیا، جس کے بعد  بھٹکل کمیونٹی جدہ کے ذمہ داران فوری طور پر متحرک ہوگئے۔ متعدد افراد سے رابطوں اور کوششوں کے بعد جماعت کے ارکان فیملی کے قیام کی جگہ معلوم کرنے میں کامیاب ہوئے اور ہوٹل پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر عبدالسلام دامدابو، فیصل دامودی، نوید ائیکری اور دیگر ذمہ داران نے فیملی سے ملاقات کرتے ہوئے جماعت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بھٹکل کمیونٹی جدہ کے صدر عُبیداللہ عسکری نے بتایا کہ جماعت اس فیملی کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے اور انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت نے فلائٹ آپریٹر سے بھی رابطہ کیا ہے اور بات چیت کے بعد توقع ہے کہ فیملی کو جمعرات کی شام یا پھر اگلے روز کی پرواز سے بنگلورو روانہ کردیا جائے گا۔

Click here for report in English


Share: