ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے لیے بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر عائد پابندی ہٹائی گئی، فی ایکسل 15 ٹن وزن کی اجازت

کاروار: کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے لیے بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر عائد پابندی ہٹائی گئی، فی ایکسل 15 ٹن وزن کی اجازت

Sat, 24 Oct 2026 19:28:52    S O News
کاروار: کائیگا نیوکلیئر پاور پلانٹ  کے لیے بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر عائد پابندی ہٹائی گئی، فی ایکسل 15 ٹن وزن کی اجازت

کاروار، 24/ اکتوبر (ایس او نیوز)  کائیگا  نیوکلیئر پاور پروجیکٹ کے 5ویں اور 6ویں یونٹ کی تعمیر کے لیے درکار سامان کی نقل و حمل کو آسان بنانے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ نے کائیگا۔کاروار ریاستی شاہراہ پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر عائد پابندی ہٹادی ہے۔ تاہم، اس سلسلے میں یہ شرط رکھی گئی ہے کہ گاڑیوں میں ہر ایکسل پر زیادہ سے زیادہ 15 میٹرک ٹن وزن ہی لادا جاسکے گا۔ اس شرط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری نیوکلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این پی سی آئی ایل) نے قبول کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، قومی اہمیت کے حامل  کائیگا  نیوکلیئر پاور پروجیکٹ کے 5ویں اور 6ویں یونٹ کی تعمیر کا کام 2031-32 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے ضروری تعمیراتی سامان اور دیگر اشیاء کی نقل و حمل میں  کائیگا ۔کاروار ریاستی شاہراہ (ایس ایچ-06) ایک اہم رابطہ راستہ ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں شاہراہ کی حالت خراب ہونے کے سبب ضلع انتظامیہ نے بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کرتے ہوئے این پی سی آئی ایل کو سڑک کی مرمت کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس ہدایت کے مطابق مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ کے ضلعی افسران نے شاہراہ کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد ضلع ڈپٹی کمشنر نے 16 اکتوبر کو بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر عائد پابندی ہٹانے کا حکم جاری کیا۔

اس دوران شاہراہ کے کیراوڈی۔ملّاپور حصے کی ازسرنو تعمیر اور توسیع کا کام بھی این پی سی آئی ایل کی جانب سے ٹھیکے پر دیا گیا ہے، جو فی الحال جاری ہے۔ ضلع ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کے مطابق گاڑیوں کی آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ادارے نے ضروری اقدامات شروع کردیے ہیں۔ خاص طور پر تعمیراتی سامان لے جانے والی گاڑیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ ہر ایکسل پر وزن 15 میٹرک ٹن کی مقررہ حد سے تجاوز نہ کرے۔

این پی سی آئی ایل کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ضلع ڈپٹی کمشنر نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ اگر آئندہ شاہراہ پر دوبارہ مرمت کی ضرورت پیش آئے تو فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جائیں، تاکہ سڑک کی حالت برقرار رہے اور منصوبے کے لیے سامان کی نقل و حمل میں دشواری پیش نہ آئے۔


Share: