بھٹکل، 19 اکتوبر (ایس او نیوز): قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے سیرت مہم کے تحت ہندو مسلم بھائی چارے کو فروغ دینے اور حضور اکرم ﷺ کا پیغامِ انسانیت برادرانِ وطن تک پہنچانے کے مقصد سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنڑا روزنامہ وارتھا بھارتی کے چیف ایڈیٹر عبدالسلام پوتیگے نے کہا کہ باہمی اختلافات اور شبہات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے معاشرے کو آلودگی، شراب نوشی اور منشیات کی لعنت سے پاک کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تمام سماجی تنظیموں کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے۔
بھٹکل کے جالی بیچ پر واقع کوکوس ریزورٹ میں ’’ہم آہنگی، مکالمہ اور دوستی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس اجلاس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے عبدالسلام پوتیگے نے کہا کہ معاشرے میں ایک دوسرے کے قریب رہنے کے باوجود اجنبیوں کی طرح زندگی گزارنے کی صورت حال بدلنی چاہیے۔ اختلافات اور جھگڑوں کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، لیکن سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے تمام تنظیموں کو متحد ہوکر کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو آلودگی، شراب اور منشیات سے پاک بنانے کی کوششوں میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی سیرت اور تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جانی چاہیے۔

اس موقع پر علی میاں اسلامک اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے انسانی وقار، انصاف، مساوات اور حسن اخلاق کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا انسانی ہمدردی پر مبنی پیغام یہ ہے کہ کسی شخص کا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہوسکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لیے بھی وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔
اعزازی مہمان کی حیثیت سے تشریف فرما بھٹکل ڈی وائی ایس پی ایس وی گریش نے مختلف مذاہب اور طبقات کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ہم آہنگی کا پروگرام منعقد کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی غیر رسمی ملاقاتیں باہمی شبہات دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ امن و قانون کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ضروری ہے۔
اجلاس کے دوران مُرڈیشور میں ریلوے پٹری پر ٹرین کی زد میں آنے کے خطرے سے دوچار ایک شخص کی جان بچانے والے گنپتی نائک کو مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سےتہنیت کی گئی اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوسرے انسان کو بچانے کے کام کی سراہنا کی گئی۔

تنظیم کے نائب صدر محمد صادق پلّور نے پروگرام کی صدارت کی۔ تنظیم کے سیاسی پینل کے کنوینر سید عمران لنکا نے استقبال اور تمہیدی کلمات ادا کیے۔ مقامی کنڑا صحافی ایم آر مانوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ تنظیم کے عہدیدار اقبال سہیل نے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، تعلیمی و ثقافتی کمیٹی کے کنوینر عبدالماجد رکن الدین اور بھٹکل سٹی میونسپل کمشنر بابا صاحب مانے بھی اسٹیج پر موجود تھے۔