ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ‘ ریلی یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں، راہل گاندھی کی عوام سے شرکت کی اپیل

’ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ‘ ریلی یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں، راہل گاندھی کی عوام سے شرکت کی اپیل

Sun, 25 Oct 2026 12:22:56    S O News

نئی دہلی ، 25/ اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے طلبہ، نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں، خواتین اور تاجروں سے یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں مجوزہ کانگریس کی ریلی میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ووٹ چرایا جا رہا ہے اور ہم کسی بھی حال میں اسے خاموشی سے برداشت نہیں کریں گے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہمارا ووٹ چرایا جا رہا ہے اور ہم کسی حال میں اسے خاموشی سے برداشت نہیں کریں گے۔ ووٹر لسٹوں سے نام کاٹے گئے۔ قواعد و قوانین توڑے گئے۔ اور سوال پوچھنے والوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔ اب ملک جواب دے گا۔‘‘

یکم نومبر کے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے راہل گاندھی نے سماج کے مختلف طبقوں کے لوگوں سے قومی راجدھانی کے رام لیلا میدان میں جمع ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’یکم نومبر، دہلی چلو! ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ جَن مارچ اور عظیم ریلی۔ طلبہ، کسان، مزدور، خواتین، نوجوان اور تاجر، جس جس کو جمہوریت کی فکر ہے، وہ ضرور آئے۔ ووٹ آپ کا ہے۔ لڑائی بھی آپ کی ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ 5 اکتوبر کو ملکارجن کھرگے کی صدارت میں کانگریس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف ملک گیر احتجاجی مہم کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی نے اس مہم کو ’ووٹ بچاؤ، دیش بچاؤ‘ کا نام دیا ہے۔ میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے بتایا تھا کہ یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں انڈیا اتحاد کی ’مہاریلی‘ منعقد ہوگی، جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس کے بعد 25 اور 26 نومبر کو 6 مختلف ریاستوں سے ’دہلی چلو‘ یاترا نکالی جائے گی اور دہلی میں ’ووٹ بچاؤ، دیش بچاؤ، سی ای سی ہٹاؤ‘ کے نعرے کے ساتھ بڑا احتجاج کیا جائے گا۔


Share: