مکہ مکرمہ میں منعقدہ عالمی مسابقہ حفظ قران میں بھٹکل سے تعلق رکھنے والے طالب علم کا شاندار پرفارمینس؛ دنیا بھر کے166 مساہمین میں دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب

بھٹکل7/ ستمبر (ایس او نیوز) مکہ مکرمہ میں منعقدہ 43 ویں عالمی مسابقہ حفظ قران میں ہندوستان کے شہر بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ابراہیم ابن فہیم شاہ بندری نے دوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے پورے ملک کا نام روشن کردیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مسابقہ 25/ اگست کو شروع ہوا تھا جبکہ اس کی اختتامی نشست 6/ستمبر کو ہوئی۔ عالمی مسابقہ میں 117 ممالک سے 166 مساہمین نے حصہ لیا تھا جس میں بھٹکل کے ابراہیم شاہ بندری حفظ قران کے پانچ پاروں والے زمرے میں حصہ لیتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
متحدہ عرب امارات کے شارجہ اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد آٹھویں سے دسویں اور پھر حفظ قران کی تعلیم بھٹکل کے نالیج اسکول سے مکمل کی تھی، اب وہ بنارس کے جامعہ سلفیہ میں فضیلت اول کا طالب علم ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی مسابقہ میں دوسرا مقام حاصل کرنے پر انہیں 60 ہزار سعودی ریال سے نوازا گیا ہے۔