جون 13 کو ہوگا بھٹکل مسلم جماعت بحرین کا عید ملن پروگرام؛ ممبران سے شرکت کی درخواست
بحرین 9/جون (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم جماعت بحرین کی عید ملن تقریب انشاء اللہ 13 جون کو مناما کے ویندھم گرینڈ ہوٹل (Wyndham Grand Hotel, Manama) میں منعقد کی گئی ہے جس میں دلچسپ اور تفریحی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ اس بات کی اطلاع جماعت کے جنرل سکریٹری مولوی اظہرالدین آرمار نے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 13 جون بعد نماز عشاء ڈنر کے ساتھ تقریب کا آغاز ہوگا، مہمان خصوصی کے طور پر معروف نوائطی اخبار نقش نوائط کے ایڈیٹر مولوی عبدالعلیم قاسمی تشریف فرما ہوں گے جو بھٹکل کے تازہ اورسلگتے حالات سے ممبران کو واقف کرائیں گے۔
عید ملن تقریب میں بچوں کی جانب سے دلچسپ پروگرام پیش کئے جائیں گے جس میں مکالمے، نظمیں، نعت، کوئیز مقابلے وغیرہ ہوں گے۔ ممبران کے لئے آخر میں ریفل ڈراء کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔
پروگرام کی صدارت جماعت کے صدر جناب عبدالرزاق خلیفہ کریں گے،عید ملن تقریب کے کنوینرجناب احمد ضیاء محتشم (جان) نے بحرین کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر بھٹکل کے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس تقریب میں کثیر تعداد میں شریک ہوکر پروگرام کو کامیاب بنائیں۔