قطرمیں بی ایم جے کیو فیستا کا شاندارانعقاد؛ ایک روزہ پروگرام میں کرکٹ ٹورنامنٹ، ڈرائنگ مقابلہ اور کوئیز سمیت فوڈ اسٹالس کا کامیاب انعقاد
دوحہ قطر یکم مارچ (ایس او نیوز/عبدالغنی علی اکبرا) بھٹکل مسلم جماعت قطر کی جانب سے جمعہ 24 فروری کو یکروزہ بی ایم جے کیو فیستا 2023 کا شاندار انعقاد ہوا جس میں صبح سے لے کر شام تک بیک وقت بڑوں کے لئے کرکٹ ٹورنامنٹ سمیت بچوں کے لئے ڈرائنگ مقابلے، فوڈ اسٹالس اور کوئیز پروگرام رکھے گئے تھے۔
قطر کے معروف یونیورسٹی گراونڈ میں منعقدہ پروگرام صبح آٹھ بجے تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا، جس کے فوری بعد آئی پی ایل طرز کا ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا۔ ٹورنامنٹ میں چار ٹیموں نےحصہ لیا تھا، دس، دس اوورس کے مقابلوں میں عمار گوائی کی ایسٹ ورلڈ الیون ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے اول مقام حاصل کیا، اس ٹیم کی قیادت عاقب صوبیدار نے کی۔ عِباد شوپا کی ٹیم ایچ ای ایس چیلنجرس نے دوسرا مقام حاصل کیا جس کی قیادت خود ٹیم کے مالک عباد شوپا ہی کررہے تھے۔ یہ دو ٹیمیں جاوید شاہ بندری پٹیل کی ایکسپریس اسٹرائیکراورعبدالغنی علی اکبرا کی ویل ورتھ وارئیر کی ٹیم پرسبقت حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ اول آنے والی ٹیم کو 5555 قطری ریال جبکہ رنرز آپ کو 3333 ریال نقد انعام سمیت خوبصورت ٹرافی دی گئی۔
کرکٹ ٹورنامنٹ صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوکررات قریب 11:30 بجے اختتام کو پہنچا۔ اس دوران بچوں نے ایک طرف فوڈ اسٹالس لگاتے ہوئے میدان میں موجود جماعت کے اراکین کو اپنی طرف توجہ مبذول کرانے میں کامیاب رہے وہیں ڈرائنگ مقابلہ، تحریری کوئیز اور اورل کوئیز مقابلوں کے ذریعے بھی بچوں نے فیستا پروگرام میں حاضرین سے داد و تحسین حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پروگرام کے کنوینر رزین رکن الدین سمیت شمس ارمار، عمآر گوائی، اریب خلیفہ، زُہیر مارکٹ اور عاقب صوبیدار اس یکروزہ پروگرام کو کامیاب بنانے میں نہایت متحرک نظر آئے۔ مولوی عبدالعظیم رکن الدین کی صدارت میں منعقدہ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر مرڈیشور، منکی اور گنگولی جماعت کے عہدیداران سمیت سرپرست حضرات موجود تھے۔ اس موقع پر مولوی عبدالرزاق نے جماعت کے اراکین کو متحد ہونے، جماعت کو مضبوط کرنے اور جماعت کے ساتھ جُڑکرجماعت کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ جماعت کے جنرل سکریٹری عبدالرب اسماعیلجی نے پروگرام کی نظامت کی۔ دوپہر میں جمعہ کی نماز کے لئے وقفہ دیا گیا تھا، جس کے دوران مولوی اظہر آرمارندوی کی امامت میں جمعہ کی نماز ادا کی گئی۔
حال ہی میں ترکی اورشام مٰیں آئے تباہ کن زلزلہ کو دھیان میں رکھتے ہوئے پہلے ہی اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ انعامات حاصل کرنے والوں کو اپنے حصہ کی 20 فیصد رقم زلزلہ ریلیف فنڈ کے لئے دینی ہوگی، اس مناسبت سے کرکٹ ٹورنامنٹ میں دوم مقام حاصل کرنے والی ٹیم ایچ ای ایس چیلنجرس نے 20 فیصد نہیں، بلکہ اپنی پوری انعامی رقم زلزلہ ریلیف فنڈ میں جمع کرائی۔ جس پر جماعت کے ذمہ داران نے ٹیم مالک عِباد شوپا کی سراہنا کی۔ پروگرام میں قطر میں رہائش پذیر بھٹکل کے تقریبا تمام لوگ شریک ہوئے اور بھرپور لطف اُٹھایا