بھٹکل 9/مارچ (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے سداپور ایوروید کالج کے تین طلبا قریبی بُروڈے فالس میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت سداپور کے رہنے والے ابھیشک شری کانت نائک، سرسی کے رہنے والے مُرلی اور پڑوسی ریاست کیرالہ کے سائی چندرا دھنونتری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق تینوں طلبا آج سنیچر کو کالج میں چھٹی ہونے کی بناء پر دوپہر کو تفریح کے لئے کالج سے 35 کلو میٹر دور بُروڈے فالس گئے تھے، جہاں تیرنے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
موقع پر موجود دیگر طلبا نے ان کو پانی میں ڈوبتا دیکھ کر پولس کو خبر کی۔ خبر ملتے ہی پولس جائے وقوع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے تینوں لاشوں کو باہر نکالا۔
سداپور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سداپور بھٹکل سے 188 کلو میٹر اور کاروار سے 140 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔